• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

شہباز شریف کی کراچی آمد، بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

شائع September 2, 2020
—فوٹو: ڈان نیوز
—فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کراچی کے دورے پر ملیر سمیت دیگر علاقوں میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا اور متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پر کڑی تنقید کی۔

مزید پڑھیں: کراچی: بارش سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کی مشکلات برقرار، مزید 10 افراد جاں بحق

شہباز شریف اپنے دورے کے دوران پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، سابق صدر آصف علی زرداری اور معروف سماجی کارکن فیصل ایدھی سے بھی ملاقات کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال اور ترجمان مریم اورنگزیب کے ہمراہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملیر میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومت سے سیلاب زدگان کی مالی امداد کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر متاثرین کو فی الفور زرتلافی دیا جائے اور جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ کی مالی مدد کی جائے۔

شبہاز شریف نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو سیلاب سے متاثرہ عوام کا کوئی احساس نہیں ہے کیونکہ انہوں نے حالیہ بارشوں کے بعد ابتر صورتحال پر کراچی آنے کی توفیق تک نہ ہوئی۔

ان کا کہنا تھا وزیراعظم فضول باتوں میں وقت ضائع کرنے کے بجائے مصیبت میں گھرے عوام کی خدمت پر توجہ دیں اور وفاقی حکومت، صوبائی حکومت کی مشاورت سے امدادی پیک کا اعلان کرے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت سیاست کے بجائے اپنا فرض پورا کرے اور سندھ حکومت کی مدد کرے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی سمیت سندھ کے 8اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا جائے گا، وزیر اعلیٰ سندھ

صدر مسلم لیگ (ن) نے لیگی کارکنوں کو متاثرین کے گھر گھر جاکر امدادی کاموں میں ہاتھ بٹانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے اپنے دورہ کراچی سے متعلق کہا کہ 'میں متاثرین سے یک جہتی کرنے کراچی آیا ہوں'۔

شہباز شریف نے کہا کہ عوام سیلاب، مہنگائی اور غربت میں پھنسی ہوئی ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان ’این آر او نہیں دوں گا‘ میں پھنسے ہوئے ہیں اس لیے وہ ’این آر او' کے جھوٹے بیانیے کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عوام کے مسائل حل کریں ورنہ قوم انہیں معاف نہیں کرے گی۔

کراچی پہنچنے پر لیگی کارکنوں نے شہباز شریف کا استقبال کیا۔

شہباز شریف نے ملیر میں پارٹی رہنماوں فروز خان، ملک تاج اور حاجی امین مانا سمیت دیگر کارکنوں سے بھی ملاقات کی۔

علاوہ ازیں شہباز شریف نے بارشوں سے متاثرہ علاقے گلستان جوہر کا جائزہ لیا اور متاثرین سے تعزیت کی۔

اس سے قبل کراچی کے ایئر پورٹ سے باہر آنے پر میڈیا سے بھی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں کی تباہ کاریوں سے متاثرہ بھائی، بہنوں اور بچوں کے ساتھ تعزیت کے لیے آیا ہوں اور اس وقت پوری قوم کی ہمدردیاں کراچی اور سندھ واسیوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہر ہے اور ہم حکومت سندھ کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں جبکہ موجودہ حالات میں سیاست نہیں کرنی چاہیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا پیغام ہے وفاق سندھ حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے اور حکومت مناسب مالی معاونت کا بندوبست کرے۔

انہوں نے زور دیا کہ کراچی میں نواز شریف کے شروع کیے گئے گرین لائن منصوبے کو فوری طور پر مکمل کیا جائے اور متعلقہ وزرا سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملیں اور مسائل کا حل تلاش کریں۔

واضح رہے کہ کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد مضافاتی اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے تھے اور ہزاروں رہائشی نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔

مزیدپڑھیں: نکاسی آب کی یقین دہانی تک بند فیڈرز نہیں کھول سکتے، کے الیکٹرک

موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں کئی مقامات پر کچے مکانات کو شدید نقصان پہنچا اور متعدد اموات بھی ریکارڈ کی گئیں۔

اس دوران کراچی کے متعدد علاقوں اور سڑکوں پر بارش کا پانی اب بھی موجود ہے جبکہ شہر کا ایک بڑا حصہ بجلی کی فراہمی سے بھی محروم رہے۔

تاحال کراچی کے متعدد علاقوں میں بارش کا پانی موجود ہے جس کی نکاسی کا کام مکمل نہیں ہوسکا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024