• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

میسی نے بارسلونا کلب چھوڑنے کی خواہش ظاہر کردی

شائع August 26, 2020 اپ ڈیٹ August 27, 2020
لیونل میسی کیریئر کے آغاز سے ہی بارسلونا سے منسلک ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
لیونل میسی کیریئر کے آغاز سے ہی بارسلونا سے منسلک ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے کئی سالوں کے بعد فوری طور پر بارسلونا کلب چھوڑنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

قریبی ذرائع نے تصدیق کی کہ میسی نے فوری طور پر کلب چھوڑنے کی خواہش ظاہر کی ہے جس سے مشہور ہسپانوی کلب کی مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے، جسے دو ہفتے قبل ہی بایرن میونخ کے ہاتھوں 2-8 سے شکست ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: تنقید کے باوجود کبھی بھی قیادت چھوڑنے کا خیال نہیں آیا، اظہر علی

میسی کی خواہش پر کلب نے انہیں جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مایہ ناز فٹبالر فی الحال کلب سے جڑے رہیں اور اپنا کیریئر بارسلونا میں ہی ختم کریں۔

ایک دوسرے ذرائع نے بتایا کہ میسی کے وکیل نے جو دستاویز کلب کو بھیجی ہے اس میں 2017 میں کلب سے کیے گئے معاہدے کی کاپی بھی منسلک ہے جس میں یہ طے ہوا تھا کہ فٹبالر جب چاہیں کلب چھوڑ سکتے ہیں، البتہ اس شق کا خاتمہ بھی اس سال 10 جون کو ہو گیا تھا۔

2021 میں ختم ہونے والے اس معاہدے کے تحت میسی کلب کی خواہش کے بغیر صرف اسی صورت میں بارسلونا چھوڑ سکتے ہیں اگر کوئی حریف کلب ان کی خدمات کے حصول کے لیے 700 ملین یورو کی خطیر رقم بارسلونا کو ادا کرے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ٹریفک حادثہ، 4 فٹبالر جاں بحق

واضح رہے کہ میسی نے کلب چھوڑنے کی خواہش کا اظہار ایک ایسے موقع پر کیا ہے جب ایک دن قبل ہی ہسپانوی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ کلب کے نئے کوچ رونلڈ کومین نے میسی کے قریبی دوست اور ان کے ساتھی اسٹرائیکر لوئس سواریز کو کہا تھا کہ وہ یوراگوئے کے اسٹار کو مزید کلب میں کھیلتے نہیں دیکھنا چاہتے۔

اس کے علاوہ دیگر رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ آرٹیورو ویڈال، ایوان ریکیٹچ اور سیمیئول امٹیٹی سے بھی کہا گیا ہے کہ اب کلب کو ان کی ضرورت نہیں ہے۔

بایرن سے بدترین شکست کے بعد بارسلونا نے اپنے اسکواڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ یہ 12 سال میں پہلا موقع ہے کہ کلب سیزن میں کوئی بھی ٹرافی نہیں جیت سکا۔

چھ مرتبہ سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتنے والے میسی، صدر جوزیپ ماریا کی جانب سے چلائے جانے والے کلب کے امور اور دیگر معاملات کی وجہ سے گزشتہ 12 ماہ سے خاصے ناخوش ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کافی عرصے سے ان کے کلب چھوڑنے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی کو 'کچراچی' بنانے والوں کے گریبان پر ہاتھ کون ڈالے گا، شاہد آفریدی

انہوں نے کورونا وائرس کے سبب کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں کٹوتی کے معاملے پر کلب کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا جبکہ جولائی میں ریال میڈرڈ کے ہاتھوں شکست کے نتیجے میں لالیگا ٹائٹل گنوانے کے بعد میسی نے انٹرویو میں کلب کی حکمت عملی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ٹیم بہت کمزور ہو چکی ہے۔

ادھر میسی کے کلب چھوڑنے کے فیصلے کی ان کے کلب کے سابق ساتھی اور بارسلونا کے سابق کپتان کارلوس پایول نے بھی حمایت کردی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024