پاکستان میں کورونا کے تقریباً 95 فیصد مریض صحتیاب، فعال کیسز 9 ہزار سے زائد
دنیا بھر میں پھیلنے والی عالمی وبا کورونا وائرس پاکستان میں اب کافی حد تک بے اثر ہورہی ہے اور یومیہ کیسز اور اموات میں کمی کے بعد ملک میں صورتحال بہتر ہوگئی ہے۔
ملک میں کیسز کی تعداد 2 لاکھ 93 ہزار 966 ہے جس میں سے تقریباً 95 فیصد یعنی 2 لاکھ 78 ہزار 425 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 266 کا انتقال ہوا ہے۔
آج (25 اگست) کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 470 کیسز اور 16 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک ہزار 596 افراد صحتیاب ہوگئے۔
پاکستان میں اس بڑی تعداد میں لوگوں کا صحتیاب ہونا باقی لوگوں کے لیے امید کی کرن ہے۔
اس عالمی وبا کو ملک میں 6 ماہ کا عرصہ ہوچکا ہے اور اس نصف سال میں اس وائرس کے کیسز کم سے زیادہ اور پھر بلندی تک پہنچنے کے بعد دوبارہ کمی کی جانب گامزن ہیں۔
26 فروری 2020 کو ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس کراچی میں سامنے آیا جس کے بعد یہ دیکھتے ہی دیکھتے پورے ملک میں پھیل گیا، تاہم مارچ کے آخر تک اس کے پھیلاؤ کی رفتار کم تھی، جو اپریل میں بڑھنا شروع ہوگئی۔
اپریل میں کیسز میں اضافے کے بعد مئی میں اس میں مزید تیزی دیکھی گئی جبکہ جون میں تو صورتحال مکمل طور پر ہی تبدیل ہوگئی۔
جون میں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئیں اور ہسپتالوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا تاہم جولائی میں ایک مرتبہ پھر دوبارہ کیسز کمی کی جانب گامزن ہوئے اور اگست میں صورتحال کافی بہتر ہوگئی۔
اب یومیہ کیسز ہزاروں سے کم ہوکر سیکڑوں جبکہ اموات درجنوں تک آگئی ہیں۔
آج ( 25 اگست) کو نئے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔
سندھ
وزیر اعلیٰ سندھ نے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8214 نمونے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 220 نئے کیسز سامنے آئے۔
انہوں نے کہا کہ اس اضافے کے بعد اب تک صوبے بھر میں ایک لاکھ 28 ہزار 676 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 11 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد 3831 ہو گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مزید 280 مریض صحتیاب بھی ہوئے اور اب تک ایک لاکھ 22 ہزار 464 مریض وائرس سے شفایاب ہوچکے ہیں۔
پنجاب
آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 158 کیسز اور 4 اموات کی تصدیق ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق پنجاب جو اس وقت دوسرے نمبر پر سب سے متاثرہ صوبہ ہے وہاں کیسز کی تعداد میں 158 کا اضافہ دیکھا گیا اور مجموعی کیسز 96 ہزار 391 تک پہنچ گئے۔
اس کے علاوہ 4 افراد زندگی کی بازی بھی ہار گئے، یوں اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 192 ہوگئی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے 16 افراد کو متاثر کیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد میں سامنے آنے والے نئے مریضوں کے بعد کیسز کی تعداد 15 ہزار 531 تک پہنچ گئی۔
خیبر پختونخوا
محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 35 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 35 ہزار 831 ہوگئی۔
صوبے میں مسلسل تیسرے روز وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا اور اموات 1248 پر برقرار ہیں۔
گلگت بلتستان
پاکستان میں دوسرے نمبر پر کم متاثر گلگت بلتستان میں 38 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک فرد انتقال کرگیا۔
اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 38 نئے مریض آئے اور یوں وہاں مجموعی کیسز 2 ہزار 720 ہوگئے۔
مزید یہ کہ ایک اور فرد کے انتقال کرجانے سے اموات کی مجموعی تعداد 65 ہوگئی۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر جو اس وقت سب سے کم متاثر حصہ ہے وہاں مزید 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 افراد کے متاثر ہونے سے وہاں مجموعی کیسز 2 ہزار 257 تک پہنچ گئے۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 293966
اموات: 6266
صحتیاب: 278425
فعال کیسز: 9275
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 676 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 96 ہزار 391 تک پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 35 ہزار 831 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 560 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 531، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 257 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 720 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال
سندھ: 2384
پنجاب: 2192
خیبرپختونخوا: 1248
بلوچستان: 141
اسلام آباد: 175
آزاد کشمیر: 61
گلگت بلتستان: 65