• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

امریکا، برازیل کے بعد بھارت میں سب سے زیادہ کورونا کے کیسز رپورٹ

شائع August 23, 2020 اپ ڈیٹ August 24, 2020
—فائل فوٹو: رائٹرز
—فائل فوٹو: رائٹرز

امریکا اور برازیل کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 30 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

خبر ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بھارت میں مزید 69 ہزار 239 کیسز منظر عام پر آچکے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں لاک ڈاؤن ختم کرکے متعدد شعبوں کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت میں کورونا وائرس سے تقریباً 2 ہزار ڈاکٹرز انتقال کرگئے

بھارت میں لگا تار پانچویں دن بھی 60 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہونےکے بعد وہاں وائرس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 30 لاکھ سے تجاوزکرگئی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور برازیل کے بعد بھارت کا نمبر آتا ہے جہاں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے.

امریکا اور برازیل میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر بالترتیب 58 لاکھ 43 ہزار اور 35 لاکھ 83 ہزار افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

علاوہ ازیں امریکا میں ایک لاکھ 80 ہزار جبکہ برازیل میں ایک لاکھ 14 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

بھارتی حکام کے مطابق کورونا وائرس سے بھارت میں مزید 912 اموات کے بعد مجموعی تعداد 56 ہزار 706 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب بھارتی حکام شہریوں کو سماجی فاصلہ برقرار رکھنے، ہجوم والی جگہوں پر جانے سے گریز اور سینیٹائزر کے استعمال پر زور دے رہے ہیں۔

بھارت کے وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ایس او پیز پر عمل کرکے ہی صعنت اور صنعتی عملے کے لیے سازگار ماحول پیداکرسکیں گے۔

واضح رہے کہ بھارت کے دارالحکومت ممبئی کی فلم انڈسٹری کے پروڈیوسرز، تقسیم کاروں اور اداکاروں نے کہا تھا کہ کورونا وائرس سے انڈسٹری کو ہونے والے معاشی نقصان کے ازالے میں کم از کم دو سال لگیں گے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے مارچ میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 2 ماہ سے زیادہ طویل لاک ڈاؤن کے بعد فلم اور تھیٹر بند کردیے تھے۔

بعدازاں بھارتی حکومت نے معیشت کی بتدریج بحالی کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی اختیار کی تھی۔

جرمنی میں کورونا کے کیسز میں غیرمعمولی اضافہ

جرمنی میں 782 نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 32 ہزار 864 تک جا پہنچی ہے۔

جرمن حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 782 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد مجموعی کیسز 2 لاکھ 32 ہزار 864 تک جا پہنچے۔

علاوہ ازیں مزید 2 مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی تعداد 9 ہزار 269 ہوگئی ہے۔

جرمن حکام نے بتایا کہ اپریل کے آخر تک کیسز کی اتنی بڑی تعداد سامنے نہیں آئی تھی۔

اس سے قبل انسداد وبائی امراض کے انسٹی ٹیوٹ نے بتایا تھا کہ 22 اگست کو 2 ہزار 34 نئے کیسز رپورٹ جبکہ 7 افراد وائرس سے ہلاک ہوئے تھے۔

ہم خطرناک صورتحال سے دوچار ہیں، فرانس

فرانس کے وزیر صحت نے بتایا کہ کورونا وائرس کی نئی لہر 40 سال سے کم عمر افراد کو 65 سال کی عمر کے افراد کے مقابلے میں 4 گنا زیادہ متاثر کررہا ہے۔

اولیورران نے کہا کہ ’ہم ایک خطرناک صورتحال سے دوچار ہیں‘۔

خیال رہے کہ فرانس کے صدر کی طرح وزیر صحت نے بھی ایک مرتبہ پھر لاک ڈاؤن کے امکان کو مسترد کردیا اور کہا کہ مقامی سطح پر لیے گئے اقدامات سے وائرس کے پھیلاؤ میں کمی لائی جائے گی۔

فرانس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 602 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو 22 تاریخ کے مقابلے میں قدرے کم ہیں۔

فرانس میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 38 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 30 ہزار 514 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

حکام کے مطابق کورونا سے متاثر ہونے والے مجموعی طور 84 ہزار افراد اب تک صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024