اوریکل بھی ٹک ٹاک کے امریکی بزنس کو خریدنے کے لیے تیار
ٹیکنالوجی کمپنی اوریکل نے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کے امریکی بزنس کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
فنانشنل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ کو چینی سوشل میڈیا ایپ کا کنٹرول سنبھالنے کے حوالے سے اوریکل کی شکل میں سخت حریف کا سامنا ہوسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اوریکل کی جانب سے ٹک ٹاک کی ملکیت رکھنے والی کمپنی بائیٹ ڈانس سے ابتدائی بات چیت بھی کی گئی ہے۔
اوریکل امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ٹک ٹاک کے آپریشن خریدنے میں سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔
خیال رہے کہ جمعے کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹیو آرڈر جاری کرتے ہوئے بائیٹ ڈانس کو اپنا امریکی بزنس 90 دن میں فروخت کرنے کی ہدایت کی تھی۔
اس سے قبل امریکی صدر نے ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے بائیٹ ڈانس اور وی چیٹ پر امریکا میں پابندی لگاتے ہوئے انہیں ایپس کی فروخت کے لیے 15 ستمبر کی مہلت دی گئی تھی۔
فنانشنل ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اوریکل کے شریک بانی لیری ایلیسن ان چند ٹیکنالوجی ایگزیکٹیوز میں سے ایک ہیں جو عوامی سطح پر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرتے ہیں۔
تاہم یہ واضح نہیں کہ ٹک ٹاک کی فروخت کے حوالے سے وائٹ ہاؤس کی جانب سے اوریکل کو ترجیح دی جائے گی یا نہیں۔
ٹک ٹاک کے کچھ حصوں کو خریدنے کا معاہدہ قانونی طور پر بہت پیچیدہ ہے اور ابھی تک مائیکرو سافٹ کو ہی اس حوالے سے سبقت حاصل تھی۔
مائیکرو سافٹ کے علاوہ ٹوئٹر اور ایپل کی جانب سے ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ مائیکروسافٹ کی جانب سے ٹک ٹاک کے امریکی بزنس کو خریدنے کے لیے بائیٹ ڈانس اور امریکی انتظامیہ سے مذاکرات جاری ہیں۔