• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

سنجے دت کے بیمار پڑنے سے بولی وڈ کے 735 کروڑ روپے داؤ پر لگ گئے

شائع August 16, 2020
سنجے دت نے خود کینسر کی تصدیق نہیں کی—فائل فوٹو: انستاگرام
سنجے دت نے خود کینسر کی تصدیق نہیں کی—فائل فوٹو: انستاگرام

بولی وڈ بابا سنجے دت کے حوالے سے گزشتہ ہفتے سے خبریں ہیں کہ انہیں تیسرے یا چوتھے درجے کا کینسر لاحق ہوگیا ہے، تاہم تاحال انہوں نے اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔

سنجے دت میں کینسر کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے ابتدائی طور پر 11 اگست کو خبریں شائع کی تھیں، جن میں کچھ رپورٹس میں اداکار کو تیسرے جب کہ کچھ میں انہیں چوتھے درجے کا کینسر لاحق ہونے کا بتایا گیا تھا۔

سنجے دت میں کینسر کی تشخیص کی خبریں اس وقت سامنے آئیں جب وہ ایک روز قبل ہی سانس میں تکلیف کے باعث 2 دن تک ہسپتال میں رہنے کے بعد ڈسچارج کیے گئے تھے۔

سنجے دت کو 8 اگست کو اچانک سانس لینے میں مشکلات پیش آئی تھیں، جس کی وجہ سے انہیں ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں وہ دو دن تک زیر علاج رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سنجے دت میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص

ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد اگرچہ سنجے دت نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں تصدیق کی تھی وہ علاج کی غرض سے چند ماہ تک فلمی مصروفیات سے دور رہیں گے، تاہم انہوں نے اپنی بیماری کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔

ابتدائی طور پر سنجے دت کو 8 اگست کو سانس لینے میں مشکلات کےباعث ہسپتال داخل کرایا گیا تھا—فوٹو: انڈیا ٹوڈے
ابتدائی طور پر سنجے دت کو 8 اگست کو سانس لینے میں مشکلات کےباعث ہسپتال داخل کرایا گیا تھا—فوٹو: انڈیا ٹوڈے

اسی روز ہی بھارتی میڈیا نے ان میں کینسر کے تیسرے اور چوتھے درجے کی تشخیص کی خبریں دیں اور ایک دن بعد اداکار کی اہلیہ نے بھی شوہر میں بیماری کی تصدیق کی مگر انہوں نے بھی کینسر کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی۔

خبریں تھیں کہ ممکنہ طور پر اداکار بیرون ملک علاج کروانے جائیں، تاہم تاحال وہ بھارت میں ہی ہیں اور بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی طور پر وہ ممبئی کے نجی ہسپتال سے علاج کر وا رہے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق سنجے دت کو ممبئی کے کوکیلابن ہسپتال میں جاتے اور باہر آتے ہوئے دیکھا گیا اور خیال ظاہر کیا جا رہا کہ وہ فی الحال ممبئی سے ہی علاج کروا رہے ہیں۔

بعض رپورٹس کے مطابق سنجے دت مکمل مشوروں اور بیماری کی نوعیت معلوم ہونے کے بعد چند دنوں میں بیرون ملک روانہ ہوں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

سنجے دت دو دن تک ہسپتال میں رہنے کے بعد 10 اگست کو ڈسچارج کردیے گئے تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
سنجے دت دو دن تک ہسپتال میں رہنے کے بعد 10 اگست کو ڈسچارج کردیے گئے تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

دوسری جانب سنجے دت کے بیمار پڑنے سے کئی فلم سازوں کو اپنی آنے والی فلموں کی فکر پڑ گئی ہے، کیوں کہ سنجو بابا کم از کم 6 آنے والی فلموں میں ایکشن میں دکھائی دینے والے تھے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق سنجے دت آنے والی رومانٹک تھرلر فلم سڑک 2 سمیت کم از کم نصف درجن فلموں میں ایکشن میں دکھائی دینے والے تھے، جن میں سے دو فلمیں تو ریلیز کے لیے تیار ہیں۔

مزید پڑھیں: سنجے دت میں بیماری کی تشخیص پر ان کی اہلیہ منائتا دت کی وضاحت

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر سنجے دت کی آنے والی فلموں پر بولی وڈ فلم سازوں کے 735 کروڑ روپے لگے ہوئے ہیں اور ان کی بیماری کے بعد فلم ساز پریشان ہیں کہ ان کی فلموں کا کیا ہوگا؟

سنجے دت کی فلم سڑک 2، تورباز اور بھج ریلیز کیے لیے تیار ہیں اور سڑک 2 کو تو رواں ماہ 28 اگست کو آن لائن ریلیز کردیا جائے گا، جب کہ باقی دونوں فلموں کی بھی جلد ریلیز کا اعلان متوقع ہے۔

مذکورہ تینوں فلموں کے علاوہ سنجے دت کی فلمیں شمشیرا، پرتھوی راج اور کے جی ایف چیپٹر 2 نامی کنڈا زبان کی فلمیں بھی شوٹنگ کے آخری مراحل میں تھیں جبکہ ان فلموں میں سنجے دت کا کردار انتہائی اہم ہے۔

رپورٹ کے مطابق سنجے دت کی فلم تورباز اور سڑک 2 کو ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا اور اسی طرح ان کی دیگر فلموں پر بھی بولی وڈ فلم سازوں نے کافی رقم خرچ کر رکھی ہے۔

فلمی حلقوں میں چہ مگوئیاں ہیں کہ اگر سنجے دت کی بیماری اور علاج طویل ہوا تو مذکورہ فلموں کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے اور فلمی سرمایہ کاروں کی رقم کافی عرصے تک ڈوب جانے کا خدشہ ہے۔

سنجے دت کی اہلیہ نے بھی اداکار کی بیماری کی کوئی وضاحت نہیں کی تھی—فائل فوٹو: آئی اے این ایس
سنجے دت کی اہلیہ نے بھی اداکار کی بیماری کی کوئی وضاحت نہیں کی تھی—فائل فوٹو: آئی اے این ایس

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024