• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بھارتی مسئلے میں پاکستان کو گھسیٹنے پر مومنہ اور ارمینہ کا کنگنا کو کرارا جواب

شائع August 14, 2020
ارمینہ خان اور مومنہ مستحسن نے بھارتی اداکارہ کو لاجواب کردیا—فائل فوٹو: فیس بک
ارمینہ خان اور مومنہ مستحسن نے بھارتی اداکارہ کو لاجواب کردیا—فائل فوٹو: فیس بک

بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کو اگرچہ بے باک اداکارہ کہا جاتا ہے اور ان کے حوالے سے خیال کیا جاتا ہے کہ وہ بھارتی فلم انڈسٹری میں اقربا پروری اور خواتین کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک پر بات کرتی رہتی ہیں۔

تاہم ساتھ ہی انہیں تنگ نظر، ڈراما کوئین اور اسکینڈل کوئین بھی کہا جاتا ہے اور اس کی تازہ مثال ان کی جانب سے اپنے ذاتی بھارتی مسئلے میں پاکستان کو لانے سے بھی لگایا جاسکتا ہے۔

ہوا کچھ یوں کہ حال ہی میں آنے والی فلم سڑک ٹو کے ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد ایک فلمی ناقد روہت جیسوال نے ٹریلر میں عالیہ بھٹ کی جانب سے سادھو کا لفظ کہے جانے پر برا منایا اور انہوں نے تجویز دی کہ مذکورہ لفظ کو نکال کر اس کی جگہ مولوی یا پادری شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریلر میں عالیہ بھٹ کہتی ہیں کہ ’انہوں نے گروؤں کی وجہ سے اپنے کھوئے‘ تو اداکارہ کے گروؤں لفظ کو ’مولوی‘ یا ’پادری‘ سے تبدیل کرکے ٹریلر کو دوبارہ ریلیز کیا جائے۔

فلم ناقد کی مذکورہ ٹوئٹ کو اداکارہ کنگنا رناوٹ نے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کی تجویز کی تعریف کرتے ہوئے ساتھ ہی پاکستان کو معاملے میں لے آئیں۔

کنگنا رناوٹ نے اپنی ٹوئٹ میں سڑک ٹو کی ٹیم کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ کیا ٹریلر میں گروؤں لفظ کو مولوی سے تبدیل کیا جا سکتا ہے؟

ساتھ ہی انہوں نے اپنی پوسٹ میں کسی کا نام لکھے بغیر لکھا کہ بھارت میں کچھ ایسے کٹھ پتلی ایجنٹ موجود ہیں جو پاکستان کی خواہش پر یہاں مذہبی نفرت پھیلا رہے ہیں۔

کنگنا رناوٹ کی اسی ٹوئٹ کو پاکستانی گلوکارہ مومنہ مستحسن نے شیئر کرتے ہوئے انہیں کرارا جواب دیا اور لکھا کہ وہ ان ہی نفرت آمیز باتوں کی وجہ سے اپنی اچھی باتوں کی اہمیت گنوا دیتی ہیں۔

مومنہ مستحن نے بھارتی اداکارہ سے سوال کیا کہ ’آخر وہ اپنے تمام معاملات میں زبردستی پاکستان کو کیوں کھینچ لاتی ہیں؟‘

یہ بھی پڑھیں: بہن کی متنازع ٹوئٹ کی حمایت کنگنا کو مہنگی پڑ گئی

ساتھ ہی پاکستانی گلوکارہ نے بھارتی اداکارہ کو جواب دیا کہ ایسا کرنے سے آپ کو کوئی فائدہ نہیں ہونے والا بلکہ الٹا آپ جو بولی وڈ میں اقربا پروری اور دیگر اہم معاملات پر آواز اٹھاتی ہیں، اس پر اثر پڑے گا۔

پاکستانی گلوکارہ نے ان پر واضح کیا کہ خطے میں نفرت اور مذہبی منافرت پھیلا کر امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔

اسی طرح کنگنا رناوٹ کی جانب سے ایک اور معاملے میں زبردستی پاکستان کو لانے پر اداکارہ ارمینہ خان نے انہیں کرارا جواب دیا۔

کنگنا رناوٹ نے نائب امریکی صدارتی امیدوار کمالا ہیرس کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اس پر ہرزہ سرائی کی اور انہیں بھی پاکستانی حمایتی قرار دیا۔

کنگنا رناوٹ نے کمالا ہیرس کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بھارتی افراد گوروں کے لیے کتنے کام کے ہیں کہ انہوں نے پاکستانی ووٹرز کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے کسی پاکستانی کو نہیں بلکہ ایک ایسے بھارتی نژاد کو منتخب کیا جو پاکستان کا حمایتی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ہندو بہادر خاتون لکشمی بائی کی کہانی پڑھنے کے بعد یہ بات سمجھی کہ اس دیش کو دشمنوں نے کم اور اپنوں نے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔

کنگنا رناوٹ کی اسی ٹوئٹ پر اداکارہ ارمینہ خان نے انہیں کرارا جواب دیا کہ وہ منفی پروپیگنڈوں پر اپنی توانائی ضائع کر رہی ہیں۔

پاکستانی اداکارہ نے بھارتی اداکارہ کی ٹوئٹ کے جواب میں لکھا کہ انہیں یقین ہے کہ ایک کنگنا رناوٹ جیسی ذہنیت رکھنے والے لوگوں سے کشمیری آزاد ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024