مائیکرو سافٹ ٹک ٹاک کو خریدنے کے لیے تیار
مقبول سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر امریکا میں پابندی عائد کی گئی ہے، جس کے بعد معروف کمپنی مائیکروسافٹ نے اسے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
ٹک ٹاک کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خدشات ظاہر کیے تھے کہ یہ ایپ امریکی شہریوں کا ڈیٹا جمع کرنے اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ ثابت ہوسکتی ہے۔
ایپ کی ملکیت رکھنے والی کمپنی بائیٹ ڈانس امریکی حکومت کے خدشات دور کرنے میں ناکام رہی ہے، تو اب ایک متبادل حل سامنے آیا ہے، یعنی مائیکرو سافٹ اسے خرید سکتی ہے۔
مائیکرو سافٹ نے تصدیق کی ہے کہ سی ای او ستیا نڈیلا اس حوالے سے امریکی صدر اور بائیٹ ڈانس سے مذاکرات کررہے ہیں۔
کمپنی کے بیان کے مطابق مائیکرو سافٹ ٹک ٹاک کو خریدنے کے حوالے سے مکمل سیکیورٹی نظرثانی کے لیے پرعزم ہے اور امریکا کو مناسب اقتصادی فوائد فراہم کرنا چاہتی ہے۔
بائیٹ ڈانس کے ساتھ یہ مذاکرات 15 ستمبر 2020 تک مکمل ہوجائیں گے اور اگر یہ کامیاب ہوئے تو مائیکروسافٹ امریکا سمیت چند مخصوص مارکیٹس میں اس ایپ کے آپریشنز کو خرید لے گی۔
امریکا کے ساتھ ساتھ کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں اس سروس کو چلانے کی ذمہ داری مائیکروسافٹ کو کامیابی کی صورت میں مل جائے گی جبکہ دیگر مارکیٹوں میں بائیٹ ڈانس ہی اس ایپ کے آپریشنز کو چلائے گی۔
مائیکروسافٹ کی جانب سے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ امریکی شہریوں کا نجی ڈیٹا امریکا منتقل ہو جبکہ مقامی حکومتوں کو سیکیورٹی نظرثانی کی پیشکش بھی کی جائے گی۔
ٹک ٹاک کی امریکی شاخ کی ویلیو 15 سے 30 ارب ڈالرز کے درمیان ہے جبکہ کامیابی کی صورت میں مائیکرو سافٹ کو ایک بار پھر سوشل نیٹ ورکس کی دنیا میں قدم رکھنے کا موقع ملے گا۔
خیال رہے کہ جون کے مہینے میں بھارت میں بھی ٹک ٹاک سمیت متعدد مقبول چینی ایپس جیسے وی چیٹ پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
بھارتی حکومت نے ان ایپسس پر پابندی کے لیے سیکیورٹی خطرات اور صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ کو جواز بنایا تھا۔