• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جب مصری خاتون گلوکار ہارون کا گانا 'محبوبہ' سن کر دیوانی ہوگئیں

شائع July 21, 2020
گلوکار کا گانا محبوبا 2003 میں ریلیز ہوا تھا—فوٹو: انسٹاگرام
گلوکار کا گانا محبوبا 2003 میں ریلیز ہوا تھا—فوٹو: انسٹاگرام

حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے گلوکار ہارون رشید نے تقریبا 2 دہائیاں قبل ریلیز کیے جانے والے اپنے معروف گانے 'محبوبہ' سے متعلق دلچسپ باتیں بتا کر مداحوں کو حیران کردیا۔

ہارون رشید نے 2003 میں ریلیز ہونے والے اپنے ایلبم 'لگن' کے سب سے مقبول گانے 'محبوبہ' سے متعلق حال ہی میں انسٹاگرام پوسٹ میں دلچسپ حقائق بیان کیے۔

گلوکار نے پوسٹ میں گانے کی ویڈیو بھی شیئر کی اور بتایا کہ انہیں آج بھی یاد ہے کہ انہیں مذکورہ گانا اہرام مصر میں فلمانے میں کتنی مشکلات پیش آئی تھیں۔

گلوکار کے مطابق وہ 'محبوبہ' گانے کی ویڈیو اہرام مصر میں ریکارڈ کرنا چاہتے تھے، جس وجہ سے انہوں نے اس وقت ایک آن لائن پروڈکشن ہاؤس سے رابطہ کیا اور وہ مصر چلے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ہارون نے ایک دہائی بعد اپنا گانا ’ڈھونڈوں گا‘ ریلیز کردیا

ہارون رشید نے بتایا کہ جب وہ مصر پہنچے تو انہیں پروڈکشن ہاؤس کے ارکان نے بتایا کہ اہرام مصر میں گانے کی شوٹنگ کرنا انہیں مہنگی پڑ سکتی ہے اور انہیں اس ضمن میں ہزاروں ڈالر خرچ کرنا ہوں گے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

گلوکار کے مطابق وہ پروڈکشن ہاؤس کی باتیں سن کر مایوس ہوگئے اور انہوں نے وطن واپسی کا پروگرام بنایا لیکن واپسی سے قبل پروڈکشن ہاؤس کی خاتون پروڈیوسر نے انہیں مذکورہ گانا سنانے کی فرمائش کی تو حالات تبدیل ہوگئے۔

ہارون رشید نے بتایا کہ خاتون پروڈیوسر ان کا گانا 'محبوبہ' سن کر دیوانی ہوگئیں اور انہوں نے گانےکو شاندار قرار دیتے ہوئے اپنی ایک خاتون دوست سے رابطہ کیا جنہوں نے مصر کے بہت بڑے پروڈکشن ہاؤس کے مالک سے شادی کر رکھی تھی اور اس پروڈکشن ہاؤس نے معروف فلم لارنس آف عربیہ بھی بنا رکھی تھی۔

گلوکار کے مطابق خاتون پروڈیوسر کی مدد سے وہ اہرام مصر میں گانے کی ویڈیو شوٹ کرنے کے اہل ہوئے۔

مزید پڑھیں: معروف گلوکار ہارون رشید شادی کے بندھن میں بندھ گئے

انہوں نے دلچسپ حقائق بیان کرتے ہوئے کہا کہ 'محبوبا' گانا ان کا مقبول ترین گانا بنا اور ان کے گانے کو مصر میں بھی پسند کیا گیا۔

خیال رہے کہ ہارون رشید نے 1990 کے بعد گلوکاری کا آغاز کیا تھا اور ابتدائی طور پر وہ آواز نامی بینڈ سے منسلک رہے اور بعد ازاں انہوں نے انفرادی طور پر کیریئر کا آغاز کیا۔

ان کا پہلا میوزک ایلبم ہارون کی آواز 2001 میں ریلیز ہوا جس کے بعد انہوں نے مزید 2 ایلبم ریلیز کیے مگر انہوں نے درجنوں سنگل گانے ریلیز کیے۔

ہارون رشید نوجوان نسل کے مقبول ترین گلوکار بھی رہے اور انہوں نے رواں برس 30 جون کو سادگی سے شادی کرکے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024