• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

ایشیا کپ 2020 ملتوی کرنے کا اعلان، ایونٹ 2021 میں ہوگا

شائع July 9, 2020 اپ ڈیٹ July 16, 2020
پاکستان نے 2012 میں آخری مرتبہ ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا— فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان نے 2012 میں آخری مرتبہ ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا— فائل فوٹو: رائٹرز

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے رواں سال ہونے والے ایشیا کپ کو کورونا وائرس کے باعث ملتوی کردیا ہے اور اب ایونٹ کا انعقاد 2021 میں کیا جائے گا۔

ایشین کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹو بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ بورڈ نے ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ پر کووڈ-19 کی وبا کے اثرات کو جانچنے کے لیے متعدد مواقع پر ملاقاتیں کیں۔

مزید پڑھیں: گنگولی کا ایشیا کپ 2020 کی منسوخی کا اعلان

کونسل نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ آغاز سے ہی بورڈ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے کوشاں تھا البتہ سفری پابندیوں، ملک میں قرنطینہ کی مختلف پابندیوں، صحت کو درپیش خطرات اور سماجی فاصلوں کو ضروری قرار دیے جانے کے باعث ایونٹ کا انعقاد چیلنج بن گیا۔

ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق ان سب چیزوں سے بڑھ کر کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف، کمرشل پارٹنرز، شائقین اور کرکٹ برادری کی صحت اور حفاظت سب سے اہم اور اولین ترجیح تھی۔

ایشین کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹو بورڈ کے مطابق اوپر درج تمام معاملات کا محتاط طریقے سے جائزہ لینے کے بعد ایشیا کپ کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کے سبب منقطع بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں 4ماہ بعد بحال

انہوں نے کہا کہ ذمے دارانہ انداز میں ٹورنامنٹ کا انعقاد ایشین کرکٹ کونسل کی اولین ترجیح ہے اور بورڈ اس کے 2021 میں انعقاد کے لیے پراُمید ہے اور جون 2021 میں ایونٹ کے انعقاد کے لیے کام کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نے ایونٹ کے التوا کا اعلان آج (9 جولائی کو) کیا ہے لیکن بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر سارو گنگولی نے گزشتہ روز ہی ایشیا کپ کی منسوخی کی خبر دے دی تھی۔

بی سی سی آئی کے صدر اور بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ منسوخ ہو گیا ہے۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ میں گوگلی میرا اہم ہتھیار ہو گا، یاسر شاہ

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ رواں سال ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو کرنی تھی لیکن پاکستان نے سری لنکا سے میزبانی کا تبادلہ کر لیا تھا۔

دونوں بورڈ کی باہمی رضامندی سے طے ہونے والے معاملات کے تحت سری لنکا کرکٹ 2021 میں ہونے والے ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا اور 2022 کے ایشیا کپ کی میزبانی کا شرف پاکستان کرکٹ بورڈ کو حاصل ہو گا۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ گزشتہ کچھ عرصے سے دو فارمیٹس ون ڈے اور ٹی20 کے تحت کھیلا جا رہا ہے اور جس سال ٹی20 ورلڈ کپ شیڈول ہوتا ہے، اس سال ایونٹ کو ٹی20 فارمیٹ کے تحت کھیلا جاتا ہے لیکن پھر دوسرا ایڈیشن 50 اوورز کے فارمیٹ کے تحت منعقد ہوتا ہے۔

چونکہ رواں سال ٹی20 ورلڈ کپ شیڈول ہے اس لیے اس بار ایشیا کپ ٹی20 فارمیٹ کے تحت منعقد ہونا تھا۔

اب تک ایشیا کپ کے کُل 14 ایڈیشن منعقد ہو چکے ہیں اور بھارت کو سب سے زیادہ 7مرتبہ فاتح بننے کا اعزاز حاصل ہے۔

سری لنکا 5 مرتبہ چیمپیئن بن چکا ہے جبکہ پاکستان نے 2 مرتبہ سال 2000 اور 2012 میں ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024