• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بولی وڈ کامیڈین جگدیپ جعفری چل بسے

شائع July 9, 2020
جگدیپ جعفری نے 400 سے زائد فلموں میں کام کیا—فائل فوٹو: انڈیا ٹی وی
جگدیپ جعفری نے 400 سے زائد فلموں میں کام کیا—فائل فوٹو: انڈیا ٹی وی

درجنوں سپر ہٹ بولی وڈ فلموں میں شاندار اداکاری کا مظاہرہ کرنے والے بولی وڈ کامیڈین سید اشتیاق احمد المعروف جگدیپ جعفری 81 برس کی عمر میں چل بسے۔

سید اشتیاق احمد المعروف جگدیپ جعفری نے بطور چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا اور انہوں نے 70 سال سے زائد عمر تک فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

جگدیپ جعفری کی پیدائش متحدہ ہندوستان میں 1939 میں ہوئی تھی اور انہوں نے تقسیم ہند سے قبل ہی اداکاری کا آغاز کردیا تھا۔

جگدیپ جعفری نے اگرچہ 400 سے زائد فلموں میں کام کیا تاہم بطور مرکزی اداکار وہ بمشکل 2 درجن فلموں میں ہی کام کر سکے تھے۔

جگدیپ جعفری نے اگرچہ رومانٹک اور ایکشن کردار بھی ادا کیے تاہم انہیں شہرت کامیڈین کرداروں کی وجہ سے ملی اور انہیں سب سے زیادہ زیادہ شہرت 1975 کی بلاک بسٹر فلم شعلے میں سورما بھوپالی کا کردار ادا کرنے سے ملی۔

یہ بھی پڑھیں: ’چنے کے کھیت’ اور ’چولی کے پیچھے’ گانوں کی کوریوگرافر سروج خان چل بسیں

مذکورہ فلم کو بولی وڈ کی تاریخ کی سب سے کامیاب فلم بھی قرار دیا جاتا ہے اور اسی فلم سے امیتابھ بچن، دھرمیندرا، ہیما مالنی، جیا بچن اور امجد خان جیسے اداکاروں کو بھی شہرت ملی۔

اسی فلم کی کامیابی کے بعد جگدیپ جعفری 1988 میں سورما بھوپالی نامی الگ فلم میں مرکزی کردار میں بھی دکھائی دیے، مذکورہ فلم شعلے کے جگدیپ جعفری کے کردار پر بنائی گئی تھی۔

جگدیپ جعفری نے تقریبا تمام بڑے بولی وڈ اسٹارز کے ساتھ کام کیا اور ان کی مشہور فلموں میں کھلونا، گورا اور کالا، شعلے، آئینہ، ایجنٹ ونود، یوراج، سرکشا، ایک بار کہو، پھر وہی رات، ایک بات کہو، قربانی، کالی گھٹا، پرانا مندر، شہنشاہ، پھول اور کانٹے، انداز اپنا اپنا، کہیں پیار نہ ہوجائے، بمبئی ٹو گووا، لائف پارٹنر اور گلی گلی چور ہے شامل ہیں۔

جگدیپ جعفری نے دو شادیاں کیں اور دونوں شادیوں سے انہیں 4 بچے ہوئے، کامیڈین جاوید جعفری اور پروڈیوسر ندیم جعفری بھی ان کے بیٹے ہیں۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے بتایا کہ جگدیپ جعفری زائد العمری کے باعث مختلف طبی مسائل پیدا ہونے کے باعث چل بسے۔

جگدیپ جعفری نے فلم شعلے سے شہرت حاصل کی—اسکرین شاٹ
جگدیپ جعفری نے فلم شعلے سے شہرت حاصل کی—اسکرین شاٹ

اداکار کی موت پر متعدد بولی وڈ شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موت کو انڈسٹری کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ اداکار رشی کپور 67 سال کی عمر میں چل بسے

متعدد اداکاروں نے سوشل میڈیا پر جگدیپ جعفری کی فلمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں لیجنڈ قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے ہمیشہ نئے اداکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔

خیال رہے کہ جگدیپ جعفری سے چند دن قبل بولی وڈ کوریوگرافر سروج خان بھی چل بسی تھیں، ان سے قبل نوجوان اداکار سشانت سنگھ نے خودکشی کرلی تھی۔

سشانت سنگھ سے قبل موسیقار واجد خان بھی گردوں کے عارضے کے باعث چل بسے تھے، ان سے قبل لیجنڈ اداکار رشی کپور بھی کینسر کے باعث چل بسے تھے۔

رشی کپور سے قبل معروف اداکار عرفان خان بھی کینسر کے عارضے کے باعث چل بسے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024