معروف اداکارہ سارہ خان فلموں میں کام کیوں نہیں کرنا چاہتیں؟
اداکارہ سارہ خان حالیہ برسوں میں لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں اور ان کے ڈرامے کافی مقبول ہوئے ہیں۔
تاہم اب تک انہوں نے فلمی دنیا کا رخ نہیں کیا اور اس کی وجہ بھی پہلی دفعہ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران بیان کی۔
کچھ عرصے پہلے بول نائٹس ود احسن خان میں سارہ خان نے ان اصولوں پر بات کی جو وہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کام کے دوران اپنائے ہوئے ہیں۔
میزبان کی جانب سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں کچھ پیشکشیں ہوئی ہیں مگر وہ مختصر ملبوسات کو پہننا اور قربت کے مناظر کو فلمانا نہیں چاہتیں، جو فلموں کی اولین مانگ ہوتے ہیں۔
درحقیقت وہ ٹی وی ڈراموں میں بھی کوئی قابل اعتراض کردار، نامناسب ملبوسات یا دیگر سے دور رہنے کو ترجیح دیتی ہیں۔
خیال رہے کہ سارہ خان اور اداکار آغا علی کچھ عرصے پہلے تک ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے اور ان کا شادی کرنے کا بھی ارادہ تھا۔
مگر 2019 میں ان کا بریک اپ ہوگیا جس کے بعد آغا علی نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ 'میرے لیے بریک اپ بہت سخت ثابت ہوا اور خود کو بہت زیادہ تنہا اور الگ تھلگ محسوس کرنے لگا تھا، مگر زندگی تو آگے بڑھتی رہتی ہے مگر زندگی میں واپسی کافی مشکل ثابت ہوئی'۔
پھر اکتوبر 2019 میں اردو نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ نے پہلی مرتبہ آغا علی سے ہوئے بریک اپ پر کھل کر بات کی جبکہ یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ والدین کی پسند سے شادی کریں گی اور مداحوں کو جلد سرپرائز دینے والی ہیں۔
سارہ خان نے بتایا کہ آغا علی اور ان کی منگنی نہیں ہوئی تھی، التبہ یہ دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ 'آغا علی نے اخلاقیات کی ہر حد کو پار کرتے ہوئے میرا دل دکھایا، ہم دونوں شادی کرنے والے تھے، تاہم میں نے ان سے رشتہ ختم کردیا'۔
سارہ کے مطابق 'میں تو جلد ایک خاندانی انسان سے شادی کرکے اپنا گھر بسالوں گی لیکن اتنا ضرور کہہ سکتی ہوں کہ آغا نے مجھے کھو کر اپنا ہی نقصان کیا ہے'۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اس پورے عرصے میں ان کے والدین نے ان کی بے حد مدد کی۔
سارہ خان نے اپنے انٹرویو میں آئٹم سانگز کے خلاف بھی بات کی جبکہ یہ بھی کہا کہ وہ کبھی بھی نیم عریاں لباس نہیں پہنیں گی۔
یاد رہے کہ سارہ خان اور آغا علی نے ایک ساتھ 'میرے بے وفا'، 'تمہارے ہیں' اور 'بند کھڑکیاں' جیسے ڈراموں میں کام کیا تاہم بریک اپ کے بعد سے یہ دونوں کسی ڈرامے میں ایک ساتھ نظر نہیں آئے۔
اسی طرح گزشتہ سال ایک اور انٹرویو میں میں سارہ خان نے بتایا تھا 'کیرئیر کے آغاز میں مجھے کسی قسم کی جدوجہد دکا سامنا نہیں ہوا، میں جیسے ہی انڈسٹری کا حصہ بنی مجھے پہلا پراجیکٹ مل گیا'۔
انہوں نے بتایا کہ شروع میں کچھ مشکلات کا بھی سامنا ہوا 'میں نے اپنے ڈائریکٹر کو تھپڑ مار دیا تھا کیونکہ میں خوفزدہ اور میک اپ روم میں اکیلی تھی، میں باہر آئی اور چیخنا شروع کرتے ہوئے ڈائریکٹر کو ایک بار پھر تھپڑ مار دیا تاکہ ہر ایک دیکھ سکے، میں نے اے 2 بار تھپڑا مارا'۔
انہوں نے تھپڑ مارنے کی وجہ بھی بیان کی 'وہ مجھے اپنے ساتھ ایک فلم پر لے جانے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا جس پر میں نے انکار کیا، مگر وہ اصرار کرتا رہا اور میرا ہاتھ پکڑ لیا، تو میں نے اسے تھپڑ مار دیا'۔