• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

سونے کی قیمت ایک لاکھ 2 ہزار روپے فی تولہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

شائع June 24, 2020
تصویر: شٹراسٹاک
تصویر: شٹراسٹاک

کراچی: سونے کی قیمت ایک ہزار 300 روپے اضافے کے ساتھ اپنے وقت کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 2 ہزار روپے فی تولہ تک جا پہنچی جبکہ 10 گرام سونا ایک ہزار 114 روپے مہنگا ہونے کے بعد 87 ہزار 448 روپے کا ہوگیا۔

آل سندھ صراف جیولرز ایسوسی ایشن (اے ایس ایس جے اے) نے قیمتوں میں اس اضافے کی وجہ عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں 12 ڈالر فی اونس اضافے کو قرار دیا جس کے بعد سونے کی قیمت ایک ہزار 746 ڈالر فی اونس ہوگئی تھی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس اضافے میں ایک کردار ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا بھی ہے۔

بی آئی پی ایل سیکیورٹیز کے مطابق ایک ماہ سے زائد عرصے میں سونے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچنے کی وجہ یہ بھی ہے کہ سرمایہ کار کورونا وائرس کے باعث بین الاقوامی معیشت کی بحالی میں تاخیر کو دیکھتے ہوئے سونے میں سرمایہ کاری کو محفوظ تصور کررہے ہیں۔

چنانچہ 18 مئی سے سونے کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد 0.7 فیصد بڑھ کر ایک ہزار 754 ڈالر تک پہنچ گئی۔

خیال رہے عالمی ادارہ صحت نے اتوار کے روز کورونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ دیکھا تھا جس میں 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 83 ہزار 20 کیس سامنے آئے تھے۔

قبل ازیں اپریل کے تیسرے ہفتے میں عالمی سطح پر قیمتوں میں 14 ڈالر اضافے کے بعد ایک تولہ اور 10 گرام سونے کی قیمت بالترتیب ایک لاکھ 1000 اور 86 ہزار 591 روپے تک پہنچ گئی تھی۔

دوسری جانب آل پاکستان جیولرز مینوفیکچررز کے چیئرمین محمد ارشد نے کہا کہ مارچ کے دوسرے ہفتے میں لاک ڈاؤن لگنے کے بعد سونے کی تجارت انتہائی کم ہوگئی تھی تاہم عید سے چند روز قبل اس میں بہتری دیکھنے میں آئی تھی۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ صدر اور طارق روڈ کے علاقوں میں متعدد سونے کی مارکیٹس گزشتہ 5 روز سے ’اسمارٹ لاک ڈاؤن‘ کی وجہ سے بند ہیں جبکہ صرافہ بازار کھلا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مارچ سے بینکوئٹس اور ہالز میں شادی کی تقاریب پر پابندی کی وجہ سے بھی سونے کی فروخت پر سخت اثر پڑا ہے۔

پاکستان ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں ایک لاکھ 70 ہزار ڈالر کا 3 کلو سونا درآمد کیا گیا جبکہ مئی کے مہینے میں سونے کی درآمد صفر رہی۔

اسی طرح مالی سال 20 کے 11 ماہ میں ایک کروڑ 16 لاکھ ڈالر کا 275 کلوگرام سونا درآمد کیا گیا جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران ایک کروڑ 18 لاکھ ڈالر کا 299 کلوگرام سونا درآمد ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024