• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 689 کیسز سے ملک میں متاثرین ایک لاکھ 29 ہزار سے زائد

شائع June 12, 2020 اپ ڈیٹ June 14, 2020
اس وبا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں وطنِ عزیز 15 ویں نمبر پر آگیا ہے—تصویر: ثوبیہ شاہد
اس وبا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں وطنِ عزیز 15 ویں نمبر پر آگیا ہے—تصویر: ثوبیہ شاہد

پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ اس قدر بڑھ چکا ہے کہ عالمی سطح پر اس وبا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں وطنِ عزیز 15 ویں نمبر پر آگیا ہے۔

پنجاب، سندھ ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید 5 ہزار 689 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 182 تک جا پہنچی ہے۔

کووڈ 19 کی صورتحال کی نگرانی کے لیے بنائے سرکاری ڈیش بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں ایک ہزار 919، سندھ میں 2 ہزار 428، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 463، خیبر پختونخوا میں 628، گلگت بلتستان میں 12 اور آزاد کشمیر میں مزید 46 کیسز سامنے آئے۔

اس کے علاوہ مزید 86 مریضوں کے زندگی کی بازی ہار جانے سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد 2 ہزار 495 ہوگئی جبکہ اب تک 40 ہزار 247 افراد اس بیماری سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے۔

پنجاب 49، سندھ 17، بلوچستان 5، اسلام آباد 3، خیبر پختونخوا 10، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر مزید ایک، ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔

یادرہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اس وبا کو آج 3 ماہ کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے۔

اس عرصے میں وبا کے پھیلاؤ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوا خصوصاً مارچ تک صورتحال خاصی قابو میں دکھائی دے رہی تھی تاہم اپریل سے اس میں تیزی آئی اور اب روزانہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز سامنے آتے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز پر نظر دوڑائی جائے تو فروری اور مارچ کے آخر تک ملک میں 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور 26 اموات تھیں۔

یہاں یہ مدنظر رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت 18 مارچ کو رپورٹ ہوئی تھی۔

اپریل کے آغاز میں وائرس کے کیسز میں خاصی تیزی آئی اور یہ مہینے کے آخر تک تقریباً 2 ہزار سے بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اسی دوران اموات بھی 385 تک پہنچ گئیں۔

تاہم مئی میں اس وائرس کے لیے خاصہ خطرناک ثابت ہوا اور اسایک ماہ کے دوران 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا اور مجموعی کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

آج (12 جون) کو اب تک پاکستان میں کورونا وبا کے 5061 کیسز اور 76 اموات سامنے آئیں جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں ایک ہزار 856 کا اضافہ ہوا۔

پنجاب

ملکی سطح پر کورونا وائرس کی صورتحال پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 919 نئے کیسز سامنے آئے یوں صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد47 ہزار 382ہوگئی۔

صوبے میں کورونا وائرس کے باعث مزید 49 اموات رپورٹ بھی ہوئیں جس سے یہ تعداد41 سے بڑھ کر 890 ہوگئی۔

سندھ

ترجمان سندھ حکومت مرتضٰی وہاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 428 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 49 ہزار 256 ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے 17 اموات بھی ہوئیں اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 793 تک پہنچ گئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 193 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 7 ہزار 866 ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں وائرس سے متاثرہ 5 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی رپورٹ ہوئے ہے یوں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 80 تک پہنچ گئی ہے۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 463 افراد کووِڈ 19 کا شکار بنے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6 ہزار 699 تک جا پہنچی۔

سرکاری ڈیش بورڈ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 3 مریضوں کے جاں بحق ہونے سے اموات کی مجموعی تعداد 65 ہوگئی ہے۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے مزید 628 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 16 ہزار 415 ہوگئی۔

بیان میں مزید 10 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 642 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں 12افراد میں وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد اس وبا کا شکار بننے والوں کی تعداد ایک ہزار 30 ہوگئی۔

اس کے علاوہ اس خطے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہلاکت رپورٹ ہونے کے بعد مرنے والوں کی تعداد 15 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

پاکستان میں آزاد کشمیر اس وبا سے اب تک سب سے کم متاثر ہونے والا خطہ ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 46 افراد مین وائرس کی تشخیص ہوئی جس سے یہاں مریضوں کی مجموعی تعداد 534 ہوگئی۔

اسی طرح مزید ایک مریض کے جاں بحق ہونے سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

صحتیاب افراد

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار 856 افراد اس بیماری سے چھٹکارا پر کر روبہ صحت ہوگئے۔

جس کے بعد اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 38 ہزار 391 سے بڑھ کر 40 ہزار 247 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

علاوہ ازیں اگر ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں تو اس وقت ایک لاکھ 29 ہزار182 مصدقہ کیسز ہیں جس میں سے 2 ہزار 495 مریض انتقال کرچکے ہیں جبکہ 40 ہزار 247 صحتیاب ہوئے ہیں تو اس طرح 86 ہزار 440 فعال کیسز ہیں۔

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبے سندھ اور پنجاب ہیں سندھ میں کووِڈ 19 کے 46 ہزار 828 کیسز جبکہ پنجاب میں 47 ہزار 382 ہیں

اسی طرح خیبرپختونخوا میں 16 ہزار 415 متاثرین ہیں جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 7 ہزار 866 تک پہنچ چکی ہے۔

اسلام آباد میں اب تک کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہزار 699ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 1030 اور آزاد کشمیر میں 534 لوگ اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

پنجاب: 890

سندھ:793

خیبرپختونخوا: 642

بلوچستان: 80

اسلام آباد: 65

گلگت بلتستان: 15

آزاد کشمیر: 10

پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد اس وبا نے ملک کو تیزی سے اپنی لپیٹ میں لینا شروع کردیا اور اب تک سوا لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024