• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

روبینہ اشرف کی کورونا کے باعث صحت تشویشناک ہونے کی افواہیں مسترد

شائع June 8, 2020
— فوٹو بشکریہ روبینہ اشرف انسٹاگرام پیج
— فوٹو بشکریہ روبینہ اشرف انسٹاگرام پیج

رواں ہفتے معروف اداکارہ روبینہ اشرف نے تصدیق کی تھی کہ ان میں کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی ہے۔

اس موقع پر ڈان امیجز سے مختصر بات کے دوران روبینہ اشرف نے بتایا کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کی طبعیت بہت زیادہ اچھی نہیں۔

مگر اب سوشل میڈیا پر ایسی متعدد افواہیں گردش کررہی ہیں کہ اداکارہ کی حالت زیادہ خراب ہونے پر انہیں آئی سی یو میں منتقل کرنا پڑا ہے۔

افواہوں میں کہا گیا تھا کہ بیماری کی وجہ سے حالت بگڑنے پر انہیں گھر سے ہسپتال منتقل کیا گیا اور اب آئی سی یو میں زیرعلاج ہیں اور ان کا خاندان عوام سے دعاؤں کی درخواست کررہا ہے۔

مگر پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین اور سندھ اسمبلی کے رکن شہزاد قریشی نے ٹوئٹر میں الگ الگ پیغامات میں ان افواہوں کی تردید کی۔

عامر لیاقت حسین نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا 'روبینہ اشرف گھر پر رو بصحت ہیں ان کی آئی سی یو میں شفٹ کیے جانے کے حوالے سے پھیلائی جانے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں، روبینہ اشرف کے شوہر طارق بھائی نے دعائے صحت کی اپیل کی ہے جبکہ رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی بھی اہل خانہ سے رابطے میں ہیں'۔

شہزاد قریشی نے ٹوئٹ میں لکھا 'میں نے روبینہ اشرف کے شوہر طارق مرزا سے بات کی ہے اور ان کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے، افواہوں پر یقین نہ کریں اور ان کے لیے اور ان کے گھر والوں کے لیے دعائیں کریں، اس حوالے سے تمام سوشل میڈیا پیجز غلط افواہیں پھیلا رہے ہیں'۔

مختلف اداکاروں نے بھی روبینہ اشرف کی صحتیابی کے لیے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی۔

ہمایوں سعید، ماہرہ خان، منشا پاشا اور محمد احمد نے اس حوالے سے ٹوئٹس کیں۔

روبینہ اشرف سے قبل معروف اداکارہ و ٹی وی میزبان ندا یاسر اور ان کے شوہر یاسر نواز سمیت ان کی بیٹی میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔

علاوہ ازیں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کرنے والے اداکار نوید رضا میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ندا یاسر، یاسر نواز اور اداکار نوید رضا میں کورونا وائرس کی تصدیق

چند دن قبل سوشل میڈیا پر ندا یاسر کی طبعیت انتہائی تشویش ناک ہونے کی افواہیں بھی تھیں مگر اداکارہ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے ایسی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی طبیعت بہتر اور وہ گھر پر ہی ہیں۔

اس سے قبل روبینہ اشرف کی طرح معروف اداکارہ سکینہ سموں کے حوالے سے بھی خبریں تھیں کہ ان میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

تاہم اداکارہ نے خود سے متعلق جھوٹی خبریں وائرل ہونے کے بعد ایک ٹوئٹ میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سے چند دن قبل ایک صحافی نے رابطہ کیا اور وہ بار بار ان سے صحت سے متعلق سوالات کیے جا رہے تھے۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

اداکارہ نے کسی صحافی کا نام لیے بغیر ہی بتایا کہ انہوں نے صحافی کو بتایا کہ وہ اپنی صحت سے متعلق کوئی بات نہیں کرنا چاہتیں اور پھر انہوں نے مذکورہ صحافی کا نمبر واٹس ایپ پر بلاک کردیا جس کے بعد ان کے حوالے سے جھوٹی خبریں شائع ہونا شروع ہوئیں۔

اداکارہ نے اپنی ٹوئٹ میں ایک جھوٹی خبر کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا، جس میں اداکارہ کے کورونا کے باعث چل بسنے کی خبر دی گئی تھی۔

اداکارہ نے اپنی صحت سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلنے پر برہمی کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024