وزرا کے متضاد بیانات کے بعد لوگوں نے کورونا کو سنجیدہ نہیں لیا، ینگ ڈاکٹرز
پنجاب کی ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن نے کورونا وائرس سے متعلق غیر موثر آگاہی مہم کی ذمہ داری حکومت پنجاب، وزیر صحت پنجاب، محکمہ صحت پر عائد کردی۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلسل حکومتی بیانیہ میں تبدیلی، روزانہ بدلتی پالیساں اور وزرا کے متضاد بیانات کے باعث مؤثر عوامی آگاہی مہم نہیں ہوسکی جس کے باعث لوگ وائرس کو سنجیدہ نہیں لے رہے۔
مزیدپڑھیں: فیصل آباد میں 100 سے زائد ڈاکٹر کورونا وائرس کا شکار
انہوں نے کہا کہ ابتدا میں عوام نے تمام حکومتی احکامات کی پیروی کی لیکن جب حکومتی پالیساں تبدیل ہوئی تو عوام غیر سنجیدہ ہوگئے۔
ینگ ڈاکٹرز نے الزام عائد کیا کہ ’این سی او سی کی جانب سے پیش کردہ اعداد و شمار حقائق پر مبنی نہیں ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ این سی او سی کہتا ہے کہ وینٹی لیٹر خالی پڑے ہیں جبکہ پنجاب میں وائرس سے متاثرہ ڈاکٹر اور ان کے اہلخانہ کو وینٹی لیٹر دستیاب نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور بلخصوص پنجاب بھر میں کوروان وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ 7 دن میں بھی نہیں ملتی۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ اور وفاقی حکومت کی تیاریوں کو اب ہم بھگت رہے ہیں، ڈاکٹرز
انہوں نے کہا کہ صوبے بھر کے ہسپتالوں میں دیگر بنیادی ٹیسٹ نہیں کیے جارہے جس کے باعث غریب عوام نجی لیب میں اپنا ٹیسٹ کرانے پر مجبور ہیں۔
حکومت نے پلازما تھراپی سے متعلق کوئی آگاہی مہم نہیں چلائی تاکہ عوام کو پلازما کے حصول میں آسانی ہو۔
انہوں نے کہا کہ طبی عملے کا مورال پستی سے دوچار ہے، اس وقت 34 سے زائد وائر سے جاں بحق ہوچکے ہیں اور 25 سو زائد کورونا وائرس کا شکار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت نے کورونا وائرس کے خلاف کنٹریکٹ پر بھرتی کرنے والے ڈاکٹروں و طبی عملے کو تاحال تنخواہ نہیں دی اور اس پر مزید ظلم کہ مہلک مرض کے خلاف بھرتی کیے گئے ڈاکٹروں کے ساتھ صرف 3 ماہ کا کنٹریکٹ کیا گیا‘۔
دنیا بھر میں پھیلی عالمی وبا کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان میں بھی خطرناک صورتحال اختیار کررہی ہے اور گزشتہ روز ریکارڈ کیسز سامنے آنے کے بعد آج بھی مزید نئے کیسز اور اموات کی تصدیق کی گئی۔
آج (6 جون کو) جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مزید 4635 نئے کیسز اور 75 اموات کی تصدیق کے بعد اب تک ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 96 ہزار جبکہ اموات ایک ہزار 974 ہوگئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک میں ریکارڈ 4 ہزار 600 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ اموات میں بھی 86 کا اضافہ ہوا تھا۔
اگر پنجاب کی بات کی جائے تو صوبے میں آج کورونا وائرس کے ریکارڈ 2164 کیسز اور 30 اموات کی تصدیق ہوئی۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق مذکورہ اضافے کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 33 ہزار 144 سے بڑھ کر 35 ہزار 308 ہوگئی۔
ساتھ ہی مزید 30 افراد کے انتقال کے بعد پنجاب میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 659 تک جا پہنچی ہے۔