• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

بینائی سے محروم پاکستانی نژاد برطانوی لڑکی نے گلوکاری سے دل جیت لیے

شائع May 18, 2020
14 سالہ سیرین نے بریٹین گاٹ ٹیلنٹ میں پرفارم کیا، فوٹو: یوٹیوب
14 سالہ سیرین نے بریٹین گاٹ ٹیلنٹ میں پرفارم کیا، فوٹو: یوٹیوب

بینائی سے محروم 14 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی لڑکی سیرین جہانگیر نے برطانوی شو بریٹین گاٹ ٹیلنٹ میں اپنی بہترین آواز سے ججز اور ناظرین پر سحر طاری کردیا۔

سیرین جہانگیر نے اس دوران برطانوی گلوکارہ گیبریل اپلن کا گانا ’سیلویشن‘ گایا، جہاں ان کی گلوکاری کو بےحد پسند کیا گیا وہیں ناظرین میں بیٹھا ان کا چھوٹا بھائی بھی آبدیدہ ہوگیا۔

سیرین نے اس دوران ججز کو اپنی کہانی سناتے ہوئے بتایا کہ 5 سال کی عمر میں انہیں آنکھوں کی روشنی کا سنگین مسئلہ پیش آیا۔

سیرین کے مطابق اس دوران انہوں نے ایک سمندری ڈاکو کا روپ اپنایا ہوا تھا، جیسے ہی والدین نے ان کی ایک آنکھ کو چھپایا، انہیں دوسری آنکھ سے نظر آنا بالکل بند ہوگیا، وہ بائیں آنکھ کی بینائی سے محروم ہوگئی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اور پھر 4 سال بعد 9 سال کی عمر میں کئی طبی طریقوں کے باوجود ان کی دائیں آنکھ کی روشنی بھی ختم ہوگئی۔

اس حوالے سے ان کے والد کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ہر کوشش کی، بھارت میں 6 ہفتوں کے لیے اس کا علاج بھی کروایا، اس کی آنکھوں میں ٹیکے بھی لگے، لیکن کچھ نہ ہوسکا، 9 سال کی عمر میں سیریز آئی پیڈ پر ایک گیم کھیل رہی تھی اور اسے اپنے چہرے کے بہت قریب رکھے ہوئے تھی، وہ ہمیشہ سے ہی ایسا کرتی تھی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ اچانک میرے پاس آئی مجھے آئی پیڈ واپس دیا اور کہا کہ وہ مزید نہیں کھیل سکے گی، وہ ہی لمحہ تھا جب میں سمجھ گیا کہ وہ اپنی بینائی سے محروم ہوگئی ہے، میں گھر کے دوسرے کمرے میں گیا اور وہاں جاکر رونے لگا‘۔

شو کے دوران سیرین نے ججز کو بتایا کہ ’ایک وقت تھا جب میں دیکھ سکتی تھی اور اب نہیں دیکھ سکتی، لیکن شاید موسیقی ہی اب میری بینائی بن چکی ہے، موسیقی ہی میرے لیے سب کچھ ہے‘۔

پرفارمنس کے بعد چاروں ججز نے سیرین جہانگیر کی گلوکاری کو بے حد پسند کیا جبکہ شو میں موجود افراد ان کا گانا سن کر کافی جذباتی ہوگئے اور انہیں خوب داد دی۔

تبصرے (1) بند ہیں

عثمان ارشد ملک ۔ سڈنی May 18, 2020 07:47pm
Great performance and v inspiring personality, Brilliant

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024