• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سندھ پولیس کے مزید 36 افسران و اہلکار کورونا وائرس سے متاثر

شائع May 10, 2020
سندھ پولیس کے دو اہلکار جاں بحق بھی ہوئے—فائل/فوٹو:اے ایف پی
سندھ پولیس کے دو اہلکار جاں بحق بھی ہوئے—فائل/فوٹو:اے ایف پی

سندھ میں گزشتہ دو روز کے دوران پولیس کے افسران سمیت مزید 36 اہلکار میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد متاثرہ پولیس اہلکاروں کی تعداد 151 ہوگئی ہے۔

ترجمان سندھ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تقریباً 151 افسران اور اہلکار کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ دو روز کے دوران 36 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف احتیاطی تدابیر کے لیے لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کی خاطر اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران دو پولیس اہلکاروں نے شہادت پائی جبکہ اس وقت زیر علاج افسران اور اہلکاروں کی تعداد 119 ہے۔

مزید پڑھیں:سندھ پولیس کے 115 اہلکار کورونا وائرس کا شکار

ترجمان کا کہنا تھاکہ 29 افسران اور اہلکار صحت یاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں جبکہ زیر علاج ایک سب انسپکٹر کی حالت تشویش ناک ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ کورونا سے متاثرہ اہلکاروں کا مکمل طور پر خیال رکھا جارہا ہے اور اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف ہراول دستے کے طور پر کام کرنے والے افسران اور اہلکار خدمت انسانیت کے لیے انتہائی پرعزم اور بلند حوصلہ ہیں۔

خیال رہے کہ دو روز قبل ترجمان سندھ پولیس نے کہا تھا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 115 ہوگئی ہے جن میں سے 97 زیر علاج ہیں۔

واضح رہے کہ 20 اپریل کو کراچی میں پولیس کے 15 اہلکاروں کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی خبر سامنے آئی تھی جس کے بعد اعلیٰ انتظامیہ نے پولیس کے اعلیٰ حکام کو ان اہلکاروں کے ساتھیوں اور اہلخانہ کے افراد کے بھی ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی تھی۔

پولیس عہدیداروں اور ذرائع نے کہا تھا کہ وائرس کا شکار ہونے والے اہلکاروں میں 2 انسپکٹرز اور 2 سب انسپکٹرز بھی شامل ہیں جبکہ دیگر مختلف علاقوں میں تعینات ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹییبلز ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 30 ہزار سے زائد، اموات 648 ہوگئیں

گزشتہ ماہ کے اوائل میں ڈان کو پولیس عہدیداران کے انٹرویوز کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے لیے تعینات ہزاروں پولیس اہلکار ذاتی حفاظت کے مناسب سامان (پی پی ایز) اور تربیت کے بغیر اس بحران کے مقابلے میں صف اول کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 جنوری کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد ابتدائی ہفتوں میں سندھ میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا اور اموات بھی ہوئیں۔

سندھ میں اس وقت کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 11 ہزار 480 ہوگئی ہے جو پنجاب سے بھی زیادہ ہیں جہاں اب تک 11 ہزار 93 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ میں مزید 9 اموات کی بھی تصدیق ہوئی ہے اور یہ تعداد 189 تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 30 ہزار 174 ہوگئی ہے جبکہ 648 لوگ اس وائرس سے انتقال بھی کرگئے ہیں اور صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہزار 23 ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024