• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

نصیرالدین شاہ کی خراب صحت سے متعلق افواہوں کی اہل خانہ نے تردید کردی

شائع May 2, 2020
بولی وڈ اداکار نصیرالدین شاہ—فوٹو: اسکرین شاٹ
بولی وڈ اداکار نصیرالدین شاہ—فوٹو: اسکرین شاٹ

انڈین فلم انڈسٹری کے دو لیجنڈری اداکاروں عرفان خان اور رشی کپور کا ایک ہی ہفتے کے دوران انتقال ہوگیا جس سے ان کے مداح نہایت دکھ اور حیرانی کا شکار ہوئے۔

دونوں اداکاروں نے اکٹھے ’دی ڈے‘ نامی فلم میں کام کیا، عرفان خان کا انتقال 29 اپریل جبکہ رشی کپور کا انتقال 30 اپریل 2020 کو ہوا۔

عرفان خان کو بڑی آنتھ کے انفیکشن کے باعث ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے جبکہ رشی کپور تقریباً 2 سال کے عرصے سے کینسر سے جنگ لڑ رہے تھے اور انہیں سانس لینے میں تکلیف پر ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں وہ بعد ازاں چل بسے۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ اداکار عرفان خان انتقال کرگئے

اسی ہفتے بولی وڈ کے ایک اور لیجنڈری اداکار نصیرالدین شاہ کے حوالے سے بھی افواہیں سامنے آئیں کہ انہیں طبیعت کی خرابی کے باعث ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

تاہم نصیر الدین شاہ کے اہل خانہ نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان افواہوں کی تردید کردی اور واضح کیا کہ نصیرالدین شاہ بالکل خیریت سے ممبئی میں اپنے گھر میں موجود ہیں۔

نصیرالدین شاہ کے بیٹے اداکار ویوان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر والد کے بیمار ہونے کی افواہوں کو بےبنیاد قرار دیا۔

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’سب کچھ ٹھیک ہے، بابا بالکل خیریت سے ہیں، ان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی ساری افواہیں بے بنیاد ہیں، ہم عرفان بھائی اور چنٹو جی (رشی کپور) کے لیے دعا کرتے ہیں، ان کی بےحد یاد آرہی ہے، یہ یقیناً ہم سب کے لیے بہت بڑا نقصان ہے‘۔

نصیر الدین شاہ کی بھتیجی سائرہ شاہ حلیم نے بھی بھارتی میڈیا کو بتایا کہ نصیرالدین شاہ بالکل صحت مند ہیں اور ممبئی میں اپنی اہلیہ رتنا پاٹھک کے ساتھ اپنے گھر میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار رشی کپور 67 سال کی عمر میں چل بسے

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے والد نے نصیرالدین شاہ اور ان کے اہل خانہ سے بات کی اور بتایا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔

نصیرالدین شاہ نے خود بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی صحت کے حوالے سے سامنے آنے والی تمام خبریں بےبنیاد ہیں اور وہ بالکل خیریت سے اپنے گھر میں قرنطینہ میں ہیں۔

یاد رہے کہ نصیرالدین شاہ پاکستانی فلم ’خدا کے لیے‘ اور زندہ بھاگ‘ میں کام کرچکے ہیں۔

نصیرالدین شاہ نے عرفان خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے نام ایک طویل بیان بھی جاری کیا۔

دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق نصیرالدین شاہ نے لکھا کہ ’عرفان خان چلا گیا؟ وہ مجھے الوداع کہے بغیر چلا گیا؟ اس سے ایسا کیسے کیا، وہ شاید میرا انتظار کرلیتا‘۔

اداکار کے مطابق عرفان خان ایک بہترین اداکار تھے جنہوں نے اپنے کیریئر میں کئی کامیاب فلموں میں کام کیا اور وہ ہمیشہ ان سے بےحد متاثر ہوئے۔

نصیرالدین شاہ اور عرفان خان ’مقبول‘ اور ’سات خون معاف‘ جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024