• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

کوروناوائرس: حکومت پاکستان کو جاپان سے 10 لاکھ ڈالر کی مزید امداد

شائع April 15, 2020 اپ ڈیٹ April 16, 2020
—فائل/فوٹو:رائٹرز
—فائل/فوٹو:رائٹرز

جاپان کی حکومت نے کورونا وائرس کے خلاف اقدامات میں تعاون کے لیے حکومت پاکستان 10 لاکھ ڈالر پر مشتمل امداد کی تیسری کھیپ فراہم کردی۔

پاکستان میں قائم جاپانی سفارت خانے سے جاری اعلامیے کے مطابق 'جاپان کی حکومت نے کووڈ-19 (کورونا وائرس) کے خلاف جنگ میں عوام اور افغان مہاجرین کو تحفظ دینے ک لیے حکومت پاکستان کو اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے ذریعے 10 لاکھ ڈالر پر مشتمل امداد کی تسیری کھیپ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا'۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 'اس گرانٹ کے تحت جاپان کی حکومت نے پاکستان کو کورونا کے خلاف لڑنے کے لیے 24 لاکھ 10 ہزار ڈالر فراہم کردی ہے جس میں یونیسیف کے ذریعے 16 لاکھ 20 ہزار، انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) کے ذریعے 5 لاکھ40 ہزار ڈالر اور ریڈکراس کے ذریعے فراہم کردہ 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر شامل ہیں'۔

مزید پڑھیں:جاپان کا پاکستان کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 21 لاکھ ڈالر سے زائد تعاون کا اعلان

حکومت پاکستان کو فراہم کردہ امداد کی تیسری کھیپ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ 'یون این ایچ سی آر کے ذریعے اس گرانٹ میں ضروری ٹینیکل تعاون اور حکومت پاکستان کی درخواست پر حالات کے مطابق کووڈ-19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے آلات اور سامان فراہم کردیا جائے گا'۔

اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ 'اس امداد سے پاکستان کی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا فوری سراغ لگانے اور اسی کے مطابق علاج کرنے کی صلاحیت بڑھ جائے گی'۔

بیان کے مطابق یہ گرانٹ کووڈ-19 کی منتقلی کو سست اور کم کرنے میں بھی مددگار ہوگی جس سے وائرس کے باعث ہونے والی دیگر بیماریوں اور اموات کو بھی کم کیا جائے گا۔

جاپانی حکومت کا خیال ہے کہ اس امداد سے حکومت پاکستان کو اپنے صحت کے نظام میں وبائی صورت حال کے دوران اپنی خدمات کو بہتر کرنے میں مددملے گی جس کے نتیجے میں وائرس کے اثرات کم ہوجائیں گے۔

پاکستان میں جاپان کے سفیر میتسودا کونینوری نے کورونا وائرس کے خلاف پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ 'کووڈ-19 کا پھیلاؤ پوری دنیا کے لیے خطرناک مسئلہ بن گیا ہے اور عالمی برداری کا اس پر قابو پانے کے لیے ضروری اقدامات کرنا اہم ہوگیا ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'حکومت پاکستان کو جاپان کا تعاون نہ صرف کووڈ-19 کے خلاف کوشش کے لیے حاصل ہوگا بلکہ جاپان اور پاکستان کی سماجی، معاشی ترقی میں تعاون سے جیسے دیگر معاملات پر بھی ہوگا'۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 'حکومت جاپان گزشتہ 40 برسوں سے یو این ایچ سی آر کے ذریعے پاکستان کا ساتھ دیتی رہی ہے جس میں 16 کروڑ ڈالر سے زیادہ مالی تعاون کیا گیا اور افغان مہاجرین کے حوالے سے مزید تعاون کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے'۔

یاد رہے یکم اپریل کو پاکستان میں قائم جاپان کے سفارت خانے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ 'جاپان کی حکومت نے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کے ذریعے 16 لاکھ 20 ہزار ڈالر اور 5 لاکھ 40 ہزار ڈالر انٹرنیشنل آرگنائزین فار مائیگریشن (آئی او ایم) کے ذریعے حکومت پاکستان کو دینے کا فیصلہ کیا ہے'۔

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ اس تعاون کا مقصد 'پاکستان کے عوام کو نوول کورونا وائرس کے اثرات کے خلاف لڑنے کے لیے تیار کرنا ہے'۔

جاپانی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ 'یہ تعاون پاکستان کی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا فوری کھوج لگانے اور اسی کے مطابق علاج میں مددگار ہوگا'۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024