’ہوم لینڈ‘ کے ساتھ عدنان جعفر کا ہولی وڈ ڈیبیو
پاکستان کے نامور اداکار عدنان جعفر نے امریکی سیریز ’ہوم لینڈ‘ کے ساتھ ہولی وڈ انڈسٹری میں ڈیبیو کرلیا۔
اداکار اس سیریز کے آٹھویں سیزن کی ایک قسط میں جلوہ گر ہوئے۔
وہ ’ان فل فلائٹ' نامی قسط میں ’عزیز‘ نامی پاکستانی جنرل کے روپ میں جلوہ گر ہوئے۔
اس قسط میں وہ پاکستانی نژاد برطانوی اداکار اطہر الحق ملک عرف آرٹ ملک کے ہمراہ ایک سین میں نظر آئے، آرٹ ملک نے اس سیریز میں ریٹائرڈ آرمی افسر بنی لطیف کا کردار نبھایا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ عدنان جعفر نے اپنے اس ہولی وڈ ڈیبیو کو اب تک خفیہ رکھا تھا۔
خیال رہے کہ ’ہوم لینڈ‘ سیریز کے حوالے سے یہ تنازع بھی سامنے آیا تھا کہ اس میں مسلمانوں اور مشرق وسطیٰ کو منفی انداز میں پیش کیا گیا۔
جبکہ پاکستانیوں کو غلط انداز میں پیش کرنے پر اس شو کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے۔
ہوم لینڈ سیریز گریمی ایوارڈ جیسے کئی مقبول اعزازات جیتنے میں کامیاب ہوچکی ہے۔
خیال رہے کہ 46 سالہ عدنان جعفر شوبز میں آنے سے قبل صحافی تھے، انہوں نے 2015 کی فلم ’جلیبی‘ کے ساتھ شوبز میں قدم رکھا۔
اس کے بعد وہ ’منٹو‘، ’مور‘ اور ’جیون ہاتھی‘ جیسی فلموں کا حصہ بنے۔
وہ میرا سائیں 2، اور رسوائی جیسے ڈراموں میں بھی کام کرچکے ہیں۔