• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وائرس: حکومتی سطح پر ہر ممکن اقدام کیا جائے گا، وزیر اعظم

شائع March 16, 2020
ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو اس مسئلے کی سنجیدگی کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے، وزیر اعظم
ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو اس مسئلے کی سنجیدگی کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کو کورونا وائرس کے مسئلے کی سنجیدگی کا مکمل ادراک ہے اور اس ضمن میں حکومتی سطح پر ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کرنے کی غرض سے قائم نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری، وزیر داخلہ برگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز احمد شاہ، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر اللہ مرزا، معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری و کمیٹی کے دیگر اراکین شریک ہوئے۔

صوبائی وزرائے اعلیٰ و چیف سیکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال اور اس کی روک تھام کے حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے نتیجے میں اب تک کیے جانے والے اقدامات اور درپیش چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزرائے اعلیٰ نے صوبائی سطح پر کورونا وائرس کی صورتحال اور اس کی روک تھام کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو کورونا وائرس کے مسئلے کی سنجیدگی کا مکمل ادراک ہے اور اس ضمن میں حکومتی سطح پر ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو اس مسئلے کی سنجیدگی کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے اور وائرس کی روک تھام کے حوالے سے شعور کو اجاگر کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس اب تک دنیا کو کتنا متاثر کرچکا ہے؟ جانیے

عمران خان نے کہا کہ عوام کی جانب سے از خود اور رضاکارانہ طور پر ممکنہ حفاظتی تدابیر اختیار کرنے سے وائرس کے مزید پھیلاؤ کو موثر طریقے سے روکا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے وہ بہت جلد قوم سے خطاب کریں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر مشکل کا مقابلہ خندہ پیشانی اور ثابت قدمی سے کیا ہے اور انشااللہ کورونا وائرس کے خلاف بھی قومی سطح پر مشترکہ کاوش سامنے آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا سے ڈرنا نہیں بلکہ من حیث القوم اس مسئلے کا مقابلہ کرنا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے اب تک 136 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

عالمی وبا سے پاکستان میں سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہوا ہے جہاں 103 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا کووڈ 19 (نوول کورونا وائرس) دنیا کے تقریبا 156 ممالک تک پھیل چکا ہے اور اس سے دنیا بھر میں ایک لاکھ 56 ہزار 400 سے زائد افراد متاثر ہوئے۔

اس عالمی وبا کے باعث اب تک کم از کم 6 ہزار 513 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ 3 ہزار 99 اموات چین کے صوبے ہوبے میں ہوئیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024