• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا وائرس کے باعث انڈین پریمیئر لیگ 15 اپریل تک ملتوی

شائع March 13, 2020 اپ ڈیٹ March 15, 2020
ممبئی انڈینز نے 2019 کے ایڈیشن میں انڈین پریمیئر لیگ کی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا — فوٹو: اے ایف پی
ممبئی انڈینز نے 2019 کے ایڈیشن میں انڈین پریمیئر لیگ کی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا — فوٹو: اے ایف پی

عالمی سطح پر کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر بھارتی کرکٹ حکام نے دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو 15 اپریل تک ملتوی کردیا ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ کا آغاز رواں ماہ 29 مارچ سے ہونا تھا لیکن بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر سارو گنگولی اور سیکریٹری جے شاہ سمیت اعلیٰ عہدیداروں نے اتفاق رائے سے حکومت کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے لیگ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کا خطرہ: 10 غیر ملکی کھلاڑی پی ایس ایل سے دستبردار

آئی پی ایل کی جانب سے تمام فرنچائز کو پیغام بھیج دیا گیا ہے کہ حکام ہفتے کو تمام ٹیم مالکان سے ممبئی میں ملاقات کریں گے تاکہ اس معاملے پر تفصیلی بریفنگ دے سکیں۔

بی سی سی آئی کی جانب سے جمعہ کو جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے طور پر آئی پی ایل کو 15اپریل تک منسوخ کردیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا تمام اسٹیک ہولڈرز خصوصاً عوام کی صحت کے حوالے سے بہت حساس ہے اور آئی پی ایل سے منسلک تمام افراد کی حفاظت کے لیے ہر ممکن ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

یاد رہے کہ آئی پی ایل کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا دنیا کا واحد کھیلوں کا مقابلہ نہیں بلکہ اس سے قبل دنیا کے مشہور ترین مقابلے یوئیفا چیمپیئنز لیگ اور دنیا کی مہنگی ترین لیگز میں سے ایک نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن (این بی اے) نے بھی کورونا وائرس کے باعث تاحکم ثانی مقابلے منسوخ کردیے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ سمیت دنیا کے متعدد ملکوں میں کھیلوں کے مقابلے تماشائیوں کے بغیر منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ یورپ میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک اٹلی میں مکمل لاک ڈاؤن ہے اور ہر قسم کے کھیلوں کے مقابلے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بینک ڈنک کی اچانک ناکامی کی وجہ جانتے ہیں؟

آج مشہور ہسپانوی فٹبال لیگ 'لا لیگا' کے مقابلے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں جبکہ مشہور آسٹریلین گرینڈ پرکس کے مقابلے بھی تاحکم ثانی معطل کر دیے گئے ہیں۔

اسی طرح اے ٹی پی ٹور نے ٹینس کے تمام مقابلوں کو منسوخ کردیا ہے اور میچز کے لیے اگلی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا جبکہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے تمام ممالک کو انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ وہ ہر ممکن حد تک کوشش کریں کہ اپنے عوام کو ایک جگہ اجتماع کی صورت میں جمع نہ ہونے دیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024