• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

مشفیق الرحیم کو پاکستان جانے کیلئے اپنا فیصلہ بدلنا ہوگا، صدر بی سی بی

شائع February 25, 2020 اپ ڈیٹ February 26, 2020
مشفق الرحیم گزشتہ ماہ پاکستان نہیں آئے تھے—فوٹو:اے ایف پی
مشفق الرحیم گزشتہ ماہ پاکستان نہیں آئے تھے—فوٹو:اے ایف پی

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر نظم الحسن نے تجربہ کار کھلاڑی مشفیق الرحیم کو ٹیم کے ساتھ پاکستان جانے کے لیے اپنے فیصلے کو تبدیل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کنٹریکٹ میں شامل ہر کھلاڑی کو پاکستان جانا چاہیے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق نظم الحسن کا کہنا تھا کہ مشفیق الرحیم نے بورڈ کو اپنے حتمی فیصلے سے آگاہ نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے امید ہے کہ وہ پاکستان جائیں گے’۔

نظم الحسن نے کہا کہ ‘کنٹریکٹ میں شامل ہر کھلاڑی کو جانا چاہیے، ہر کسی کے لیے خاندان اہم ہے لیکن ملک زیادہ اہم ہے’۔

مزید پڑھیں:نسیم کی ہیٹ ٹرک، پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں فتح کیلئے 4وکٹیں درکار

مشفیق الرحیم بنگلہ دیش کی ٹیم کے تجربہ کھلاڑی ہیں اور ڈھاکا میں آج زمبابوے کے خلاف ختم ہوئے میچ میں ناقابل شکست 203 رنز بنائے تھے اور بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی حاصل کرلیا۔

انہوں نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پہلے مرحلے میں پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیم کے ہمراہ آنے سے انکار کیا تھا لیکن دیگر سینئر کھلاڑی پاکستان آئے تھے۔

نظم الحسن نے کہا کہ مشفیق الرحیم کو اپنے بہنوئی محموداللہ ریاض سے مشورہ کرنا چاہیے جنہوں نے پاکستان میں ٹی20 ٹیم کی قیادت کی تھی اور دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ ٹیسٹ ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

صدر بی سی بی کا کہنا تھا کہ ‘ہم کہہ چکے ہیں ہم ان پر زور نہیں دیں گے لیکن سب سے بات کرنے کے بعد میرے خیال میں ان کو جانا چاہیے’۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم گزشتہ ماہ پاکستان آئی تھی اور پہلے مرحلے پر 3 ٹی ٹوئنٹی اور ایک ٹیسٹ کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان نے شان دار کھیل کا مظاہرہ کرکے سیریز جیت لی تھی تاہم سیریز کی تکمیل کے لیے بنگلہ دیشی ٹیم دوبارہ اپریل میں پاکستان آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں:دوسرا ٹی 20: بنگلہ دیش کو 9وکٹوں سے شکست، پاکستان کو سیریز میں فیصلہ کن برتری

بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم 3 اپریل کو پاکستان آئے گی اور دوسرے مرحلے میں کراچی میں ایک ون ڈے میچ اور ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ پہلے مرحلے میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد مشفیق الرحیم پاکستان جانے کے لیے تیار ہوں گے۔

بی سی بی پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بہتر کارکردگی کا خواہاں تاکہ آئی سی سی ٹیسٹ چمپیئن شپ میں اپنی پوزیشن بہتر بنالی جائے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز طے تھی لیکن مہمان ٹیم نے اپنے دورے پاکستان کو 3 حصوں میں تقسیم کیا تھا کیونکہ وہ سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے پاکستان میں زیادہ دیر قیام نہیں کرنا چاہتی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024