• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

راولپنڈی ٹیسٹ:بابر، شان کی سنچریاں، بنگلہ دیش کے خلاف 109 رنز کی برتری

شائع February 8, 2020
اسد شفیق 60 اور بابراعظم 143 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں—فوٹو:اے پی
اسد شفیق 60 اور بابراعظم 143 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں—فوٹو:اے پی

پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں شان مسعود اور بابر اعظم کی شان دار سنچریوں کی بدولت 3 وکٹوں پر 342 رنز بنا کر 109 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

راولپنڈی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے مہمان ٹیم کے 233 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر عابد علی کھاتہ کھولے بغیر ابوجاید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد شان مسعود کا ساتھ دینے کے لیے کپتان اظہر علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے محتاط انداز میں اسکور کو آگے بڑھایا۔

تاہم 93 رنز کے مجموعی اسکور پر کپتان اظہر علی 59 گیندوں پر 34 رنز بنانے کے بعد ابوجاید کی گیند کا ہی شکار بنے۔

یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹیسٹ: بنگلہ دیش کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 233 رنز پر آؤٹ

قومی ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم نے کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز سنبھالی اور شان مسعود کے ساتھ اچھی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی سنچریاں بھی مکمل کیں۔

شان مسعود سنچری مکمل ہوتے ہیں آؤٹ ہوگئے—تصویر: پی سی بی ٹوئٹر
شان مسعود سنچری مکمل ہوتے ہیں آؤٹ ہوگئے—تصویر: پی سی بی ٹوئٹر

اوپنر شان مسعود نے 160 گیندوں پر 100 رنز بنائے اور پویلین لوٹ گئے، شان مسعود آؤٹ ہونے والے پاکستان کے تیسرے اور آخری بلے باز تھے جن کے بعد اسد شفیق اور بابر اعظم نے دوسرے روز کے اختتام تک پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے اسکو ر کو آگے بڑھایا۔

بابراعظم اور اسد شفیق نے شان دار سنچری شراکت کے دوران بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کے اسکور 233 رنز کو بھی عبور کرلیا جبکہ اسد شفیق نے اپنی نصف سنچری بنائی۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں پر 342 رنز بنائے تھے اور مہمان ٹیم پر 109 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی جبکہ اس کی مزید 7 وکٹیں باقی ہیں۔

بابر اعظم اور مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق نے بالترتیب 143 اور 60 رنز بنائے ہیں اور دونوں کے درمیان 137 رنز کی شراکت قائم ہوچکی ہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ابو جاید نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستانی باؤلر کی بہترین کارکردگی کے باعث بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 233 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔

شاہین شاہ آفریدی نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ حارث سہیل اور محمد عباس نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم تقریباً 17 برس بعد ٹیسٹ کھیلنے کے لیے پاکستان آئی ہے، اس سے قبل 2003 میں مہمان ٹیم ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان آئی تھی اور اس سیریز میں بنگلہ دیش کو 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز طے تھی لیکن مہمان ٹیم نے اپنے دورہ پاکستان کو 3 حصوں میں تقسیم کیا تھا کیونکہ وہ سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے پاکستان میں زیادہ دیر قیام نہیں کرنا چاہتی تھی جبکہ پاکستان میں پی ایس ایل کا بھی انعقاد ہورہا ہے۔

مزید پڑھیں:بنگلہ دیشی ٹیم سرپرائز کر سکتی ہے، آسان تصور نہیں کریں گے، اظہر علی

دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ ماہ کھیلی گئی 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 0-2 سے شکست دی تھی جبکہ تیسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: شان مسعود، عابد علی، اظہر علی (کپتان)، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد رضوان، یاسر شاہ، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ۔

بنگلہ دیش: تمیم اقبال، سیف حسن، نجم الحسین شانتو، مومن الحق (کپتان)، محمد متھن، محمود اللہ، لٹن داس، تیج الاسلام، روبیل حسین، ابو جاید، عبادت حسین۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024