• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نیوزی لینڈ نے بھارت کو پہلے ون ڈے میں شکست دے دی

شائع February 5, 2020
روس ٹیلر نے ناقابل شکست 109 رنز بنا کر میچ میں کامیابی دلائی—فوٹو:اے پی
روس ٹیلر نے ناقابل شکست 109 رنز بنا کر میچ میں کامیابی دلائی—فوٹو:اے پی
نیوزی لینڈ نے سیریز میں1-0 کی برتری حاصل کرلی—فوٹو:اے ایف پی
نیوزی لینڈ نے سیریز میں1-0 کی برتری حاصل کرلی—فوٹو:اے ایف پی

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں عبرت ناک شکست کے بعد ایک روزہ سیریز کے پہلے ہی میچ میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

ہیملٹن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے قائم مقام کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو مہمان ٹیم نے بڑا ہدف دیا جس کو کیوی باؤلر روکنے میں ناکام رہے۔

پرتھوی شاہ اور میانک اگروال نے اننگز کا آغاز کیا اور 50 رنز کی شراکت قائم کی مگر گرینڈ ہوم نے 20 رنز بنا کر کھیلنے والے پرتھوی کو آؤٹ کیا جس کے بعد میانک اگروال بھی پویلین لوٹ گئے جنہوں نے 32 رنز بنائے تھے۔

ویرات کوہلی نے حسب معمول ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی تاہم ٹم ساؤدھی نے انہیں بڑی اننگز کھیلنے سے روک دیا۔

مزید پڑھیں:نیوزی لینڈ کو ایک اور شکست، بھارت کا ٹی20 سیریز میں 0-5 سے کلین سوئپ

بھارتی کپتان جب 51 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 3 وکٹوں پر 156 رنز تھا جس کے بعد شریاس آئر اور کے ایل راہول نے طویل شراکت بنائی اور ٹیم کو ایک بڑے اسکور کی جانب گامزن کردیا۔

چوتھی وکٹ کے لیے 136 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور بھارت کا اسکور 292 رنز تک پہنچ گیا، اس دوران آئر نے سنچری مکمل کی اور 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان میں 347 رنز بنائے، راہول 64 گیندوں پر 3 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 88 رنز اور جادیو نے آؤٹ ہوئے بغیر 26 رنز بنائے۔

ٹم ساؤدھی نے 2، گرینڈ ہوم اور ایش سودھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

میزبان ٹیم نے ایک مشکل ہدف کے تعاقب میں 85 رنز کا شان دار آغاز کیا جس میں ہنری نیکولس 78 اور 32 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہونے والے مارٹن گپٹل کی شراکت داری تھی جبکہ دوسری وکٹ بلینڈیل کی صورت میں صرف 9 رنز کا اضافہ کرکے گری۔

روس ٹیلر نے ناقابل شکست 109 رنز بنا کر میچ میں کامیابی دلائی—فوٹو:اے ایف پی
روس ٹیلر نے ناقابل شکست 109 رنز بنا کر میچ میں کامیابی دلائی—فوٹو:اے ایف پی

نیوزی لینڈ کے تجربہ کار بلے باز روس ٹیلر نے 84 گیندوں پر ناقابل شکست 109 رنز کی شان دار اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں بنیادی کردار ادا کیا تاہم کپتان ٹام لیتھام نے 48 گیندوں پر 69 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ ہدف 49 ویں اوور کی پہلی گیند پر 6 وکٹیں کھو کر حاصل کیا جس کے لیے ٹیلر 109 اور سینٹنر 12 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

بھارت کی جانب سے یادیو نے 2، محمد شامی اور ٹھاکر نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں:نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان چوتھے ٹی ٹوئنٹی کا فیصلہ بھی اضافی اوور میں

نیوزی لینڈ نے 3 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔

روس ٹیلر کو شان دار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان دوسرا میچ 8 فروری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ بھارت نے نیوزی لینڈ کو 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 5-0 سے عبرت ناک شکست دی تھی تاہم سیریز میں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024