رابی پیرزادہ نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی
نامناسب ویڈیوز لیک ہونے کے بعد گزشتہ برس کے آخر میں شوبز کو خیرباد کہہ کر مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی کا آغاز کرنے والی سابق گلوکارہ رابی پیرزادہ نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔
رابی پیرزادہ نے گزشتہ برس اکتوبر میں شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور بعد ازاں انہوں نے سوشل میڈیا پر مقدس مقامات کی پینٹنگز شیئر کرنا شروع کی تھیں۔
رابی پیرزادہ نے شوبز کو خیرباد کہنے کے بعد گزشتہ برس کے آخر میں مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا آغاز کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر حمد و قرآن پاک کی تلاوت کی ویڈیوز بھی جاری کی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: رابی پیرزادہ کا شوبز چھوڑنے کا اعلان
رابی پیرزادہ کی جانب سے شوبز چھوڑے جانے کے فیصلے کو مداحوں نے سراہا تھا اور ان کی نئی زندگی کی شروعات پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارے جانے کے آغاز کے بعد رابی پیرزادہ نے عمرے کی سعادت حاصل کی اور انہوں نے اس سے متعلق سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا۔
سابق اداکارہ و گلوکارہ نے عمرے کے دوران مقدس مقامات پر کھچوائی گئی تصاویر و ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ انہوں نے عمرے کی سعادت حاصل کی۔
مزید پڑھیں: شوبز چھوڑنے کے بعد رابی پیرزادہ کیا کرنے جا رہی ہیں؟
عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر رابی پیرزادہ نے خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے مقدس مقامات پر خود کو اللہ کا مہمان قرار دیا۔
اس موقع پر رابی پیرزادہ نے اپنی پینٹنگز بھی شیئر کیں اور لکھا کہ اگرچہ وہ ایک آرٹسٹ ہیں اور مقدس مقامات کی تصاویر بناتی رہتی ہیں تاہم مقدس مقامات کو دیکھنے اور وہاں وقت گزارنے جیسا سکون کہیں بھی نہیں۔
انہوں نے خانہ کعبہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ مقدس مقام پر آنے کے بعد اپنے خاندان، اپنے گھر اور اپنی زندگی کو بھول چکی ہیں اور وہ سانس لیتے وقت ہر لمحے ہر جگہ خدا کو محسوس کر رہی ہیں۔
سابق اداکارہ نے لکھا کہ انہیں ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ وہ ان مقدس مقامات پر خدا کی مہمان ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رابی پیرزادہ کا مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا آغاز
انہوں نے مقدس مقامات پر کھچوائی گئیں تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد اپنی تصاویر دنیا کو دکھانے میں فخر محسوس کر رہی ہیں کیوں کہ انہیں یہ عمل کرتے ہوئے دلی سکون ملا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ یہاں آکر ملنے والی خوشی سے بڑھ کر اور کوئی بھی شے نہیں۔
انہوں نے مقدس مقام پر عبادت کرنے کی ایک گف ویڈیو بھی شیئر کی اور لکھا کہ جو عوام سوشل میڈیا کو صرف ڈراموں، وائرل وڈیوز اور گانے سننے کے لیے استمال کرتی تھی آج وہی عوام ان کے ساتھ اس ویڈیو کے ذریعے مقدس مقامات کی زیارتیں بھی کر رہی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ انہوں نے خدا سے یہی وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ شو بز میں رہتی تو لوگ ابھی تک سب کچھ بھول کر ان کے گانے سن رہے ہوتے۔
انہوں نے کچھ افراد پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ آج کچھ لبرلز کو ان کی جانب سے عمرے کی سعادت حاصل کرنا پسند نہیں آرہا اور ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے گزارش کی کہ وہ مذہبی تعلیمات کو آگے بڑھانے میں ان کا ساتھ دیں۔