• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

اسمتھ کی عمدہ بیٹنگ بھی آسٹریلیا کو شکست سے نہ بچا سکی

شائع January 18, 2020 اپ ڈیٹ January 21, 2020
لوکیش راہل کو جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: اے پی
لوکیش راہل کو جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: اے پی

اسٹیون اسمتھ کی عمدہ کارکردگی کے باوجود بھارت نے آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

جمعہ کو راجکوٹ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

بھارتی اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھاون نے اپنی ٹیم کو 81رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا جس کے بعد روہت کی 42رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

تاہم دوسرے اینڈ سے دھاون نے عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کپتان ویرات کوہلی کے ہمراہ مزید 103رنز کی شراکت قائم کر کے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔

ایک عمدہ اننگز کھیلنے والے دھاون نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 96رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ چند رنز کے اضافے سے شریاس آئیر بھی پویلین لوٹ گئے۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد کپتان کا ساتھ دینے لوکیش راہل آئے اور دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 78رنز جوڑے جس کے بعد کوہلی بھی ایڈم زامپا کی وکٹ بن گئے۔

لیکن دوسرے اینڈ سے راہل نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور صرف 52گیندوں پر 3 چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 80رنز بنائے جس کی بدولت بھارتی ٹیم 6وکٹوں کے نقصان پر 340رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زامپا نے تین اور کین رچرڈسن نے 2وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلین ٹیم 20 کے مجموعے پر ڈیوڈ وارنر کی قیمتی وکٹ گنوا بیٹھی تاہم اس کے بعد اسٹیون اسمتھ اور کپتان ایرون فنچ نے ٹیم کو سنبھالا دیتے ہوئے اسکور کو 82 تک پہنچا دیا، فنچ 33رنز بنانے کے بعد جدیجا کی گیند پر اسٹمپ ہوئی۔

اسمتھ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 98رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے. فوٹو: اے پی
اسمتھ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 98رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے. فوٹو: اے پی

اسمتھ اور مارنس لبوشین نے تیسری وکٹ کے لیے 96رنز جوڑ کر مجموعے 178 تک پہنچا دیا لیکن اس دوران بڑھتے ہوئے رن ریٹ کے سبب 46رنز بنانے والے لبوشین تیز کھیلنے کی کوشش میں جدیجا کی دوسری وکٹ بن گئے۔

ایلکس کیری اور اسمتھ نے ٹیم کی جیت کی امیدیں برقرار رکھیں لیکن پھر یکے بعد دیگرے دونوں بلے بازوں کے پویلین لوٹنے کے ساتھ ہی آسٹریلیا کی فتح کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔

اسمتھ دو رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے اور 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 98رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی پوری ٹیم آخری اوور کی پہلی گیند پر 304رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور بھارت نے 36رنز سے فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔

لوکیش راہل کو جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024