• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

ملالہ کی زندگی پر فلم بنانے والے ہدایتکار کو کون’دھمکیاں‘ دے رہا ہے؟

شائع January 17, 2020
فلم میں ملالہ کا کردار ریم شیخ ادا کرتی دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ
فلم میں ملالہ کا کردار ریم شیخ ادا کرتی دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ

دنیا کی کم عمر ترین نوبیل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر فلم بنانے والے بھارتی ہدایت کار امجد خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پاکستانی طالبہ پر فلم بنائے جانے پر دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

امجد خان کی ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’گل مکئی‘ کا ٹریلر رواں ماہ 10 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا اور ساتھ ہی فلم کو رواں ماہ کے آخر میں ریلیز کرنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

’گل مکئی‘ امجد خان کی بطور ہدایت کار پہلی فلم ہے اور انہوں نے مذکورہ فلم پر 2017 سے کام شروع کیا تھا اور گزشتہ برس اس کا مختصر ٹیزر ’ملالہ ڈے‘ کے موقع پر ریلیز کیا گیا تھا۔

گزشتہ برس یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بنائی گئی فلم کے حوالے سے پاکستانی نوبیل انعام یافتہ طالبہ یا اس کے اہل خانہ سے اجازت نہیں لی گئی تھی تاہم اس حوالے سے ملالہ یا ان کے اہل خانہ سمیت فلم کی ٹیم نے کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔

ریم شیخ چند بھارتی ڈراموں میں بھی کام کر چکی ہیں—اسکرین شاٹ
ریم شیخ چند بھارتی ڈراموں میں بھی کام کر چکی ہیں—اسکرین شاٹ

فلم کے ٹریلر جاری کیے جانے کے بعد اب ہدایت کار امجد خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں دھمکیاں دینے کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور انہیں کافی وقت سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

بھارتی خبر رساں ادارے ’انڈو ایشین نیوز سروس‘ (آئی اے این ایس) سے بات کرتے ہوئے امجد خان کا کہنا تھا کہ انہیں حیرت ہے کہ ان کی فلم ’گل مکئی‘ پر تنگ نظر لوگوں کو پریشانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی فلم کو گزشتہ برس اقوام متحدہ (یو این) کے تحت لندن میں پیش کیا گیا تھا اور ان کی فلم کو ملالہ یوسف زئی اور ان کے والد نے بھی دیکھا تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ فلم دیکھنے کے دوران ملالہ اور ان کے والد پورا وقت اپنی سیٹ پر بیٹھے رہے اور فلم دیکھنے کے بعد ملالہ کے والد ضیاء الدین یوسف زئی نے انہیں کیا کہ ’انہوں نے ان کے خوابوں کی تعبیر‘ کو پیش کیا ہے۔

امجد خان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ملالہ یوسف زئی نے بھی اپنی زندگی پر بنائی گئی فلم کو بہت سراہا اور فلم دیکھنے کے دوران وہ پرجوش دکھائی دیں جب کہ کئی مناظر کے دوران انہوں نے جذباتی ہوکر مٹھی بھی بند کی۔

پہلی بار ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر فلم بنائی گئی ہے—فوٹو: فیس بک
پہلی بار ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر فلم بنائی گئی ہے—فوٹو: فیس بک

ہدایت کار کے مطابق اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں فلم اسکریننگ کے دوران کوئی بھی اپنی نشست سے نہیں اٹھا اور فلم دیکھنے کے دوران فلم دیکھنے والی خواتین اشکبار ہوگئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملالہ کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’گل مکئی‘ کا پہلا ٹریلر

انہوں نے فلم کے حوالے سے بتایا کہ مذکورہ فلم ملالہ یوسف زئی کی ابتدائی زندگی پر مبنی ہے فلم میں ملالہ پر حملے سے قبل کا وقت دکھایا گیا ہے تاہم فلم میں ان پر حملے کو بھی دکھایا گیا ہے۔

امجد خان نے بتایا کہ ’گل مکئی‘ فلم صرف ملالہ یوسف زئی کی کہانی نہیں ہے بلکہ یہ ہر ایک خاتون کی کہانی سمیت ایک سپاہی اور ایک عوام کی کہانی ہے اور اسے ہر کسی کو دیکھنا چاہیے۔

انہوں نے فلم کی کاسٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملالہ یوسف زئی کے کردار کے لیے ابتدائی طور پر بنگلادیش کی ایک لڑکی کو منتخب کیا تھا تاہم بعد ازاں انہوں نے بھارتی مسلمان اداکارہ ریم شیخ کو کاسٹ کیا۔

انہوں نے اتل کلکرنی اور دیویا دتا جیسی اداکاروں کے ساتھ کام کرنے پر فخر کیا اور کہا کہ انہوں نے فلم میں اچھے اداکاروں کو کاسٹ کیا ہے۔

دیویا دتا نوبیل انعام یافتہ ملالہ کی والدہ کا کردار ادا کریں گی—پرومو فوٹو
دیویا دتا نوبیل انعام یافتہ ملالہ کی والدہ کا کردار ادا کریں گی—پرومو فوٹو

امجد خان کے مطابق فلم میں اوم پوری بھی دکھائی دیں گے اور ان کی یہ آخری فلم ہوگی اور ساتھ ہی ایسی فلم بھی ہوگی جو ان کی موت کے بعد ریلیز ہو رہی ہے۔

مزید پڑھیں: ملالہ کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’گل مکئی‘ جنوری کے اختتام پر ریلیز ہوگی

فلم میں پاکستانی اداکاروں کو کاسٹ کرنے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں امجد خان کا کہنا تھا کہ جس وقت انہوں نے فلم پر کام شروع کیا اس وقت پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی تھی اور بھارت میں پاکستانی اداکاروں کے کام کرنے پر پابندی عائد تھی جس وجہ سے انہوں نے پاکستانی اداکاروں کو کاسٹ نہیں کیا۔

ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’گل مکئی‘ رواں ماہ کے اختتام پر بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی تاہم پاکستان میں بھارتی فلموں پر پابندی ہونے کی وجہ سے اسے ریلیز نہ کیے جانے کا امکان ہے۔

’گل مکئی‘ کی کاسٹ اور مکمل ٹیم بھارتی ہے جب کہ اس کی پروڈکشن بھی بھارت میں ہی ہوئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024