• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نیا پاکستان ہاوسنگ اسکیم: درخواست گزاروں میں 2 لاکھ کے قریب کچی آبادی کے رہائشی شامل

شائع January 12, 2020
ہاؤسنگ اسکیم کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ 15 جنوری ہے— فائل فوٹو: بلال کریم مغل
ہاؤسنگ اسکیم کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ 15 جنوری ہے— فائل فوٹو: بلال کریم مغل

اسلام آباد: نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے 19 لاکھ 80 ہزار درخواست گزاروں میں سے ایک لاکھ 96 ہزار سے زائد افراد (10 فیصد) کچی آبادی کے رہائشی ہیں۔

درخواست گزاروں کی موجودہ رہائشی حیثیت کے مطابق 10 لاکھ 20 ہزار افراد (52 فیصد) کرائے کے مکان جبکہ 6 لاکھ 87 ہزار افراد (35 فیصد) مشترکہ خاندانی کی صورت میں رہائش پذیر ہیں۔

ڈان کے پاس موجود دستاویز کے مطابق 7 لاکھ 48 ہزار (38 فیصد) سے زائد درخواست گزاروں کا تعلق مزدور طبقے سے ہے اور 4 لاکھ 25 ہزار (21 فیصد) افراد نجی سیکٹر کے ملازمین ہیں۔

ان میں 2 لاکھ 2 ہزار (10 فیصد) سرکاری ملازمین اور 73 ہزار 4 سو 79 (4 فیصد) ذاتی کاروبار کرنے والے افراد شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم: رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع

علاوہ ازیں درخواست گزاروں میں 15 لاکھ 11 ہزار مرد، 4 لاکھ 62 افراد (23.4 فیصد) خواتین، 5 ہزار 5 سو 19 (0.3 فیصد) خواجہ سرا شامل ہیں۔

خواتین درخواست گزاروں میں 3 لاکھ 50 ہزار (76 فیصد) شادی شدہ، 65 ہزار 9 سو 71 (14 فیصد) غیر شادی شدہ، 36 ہزار 3 سو 8 بیوائیں اور 9 ہزار 7 سو 38 (2 فیصد) طلاق یافتہ ہیں۔

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے عہدیدار کے مطابق 15 جنوری تک درخواست گزاروں کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرجائے گی۔

خیال رہے کہ ہاؤسنگ اسکیم کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ 15 جنوری ہے۔

انہوں نے کہا کہ 15 جنوری حتمی تاریخ ہے اور اس میں مزید توسیع نہیں دی جائے گی کیونکہ آخری تاریخ میں کئی بار توسیع کی جاچکی ہے۔

عہدیدار نے کہا کہ 10 جنوری تک ہاؤسنگ پروگرام کے لیے 19 لاکھ 80 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے 2 لاکھ 60 ہزار 8 سو 56 درخواستیں اسلام آباد اور 2 لاکھ 25 ہزار 6 سو 94 ضلع لاہور سے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع سے درخواست گزاروں کی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 3 سو 47 ہے اس کے علاوہ فیصل آباد سے ایک لاکھ 24 ہزار 8 سو 84، ملتان سے 78 ہزار 7 سو 38، کوئٹہ سے 70 ہزار 8 سو92، پشاور سے 47 ہزار 3 سو 62 اور ضلع سوات سے 53 ہزار 4 سو 86 افراد نے رجسٹریشن کروائی۔

یہ بھی پڑھیں: نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم: درخواست گزاروں میں ساڑھے 5 ہزار خواجہ سرا شامل

عہدیدار نے کہا کہ نادرا سہولت سینٹر پر 250 روپے فیس جمع کروا کر بھی آن لائن رجسٹریشن کروائی جاسکتی ہے، نادرا اپنی ویب سائٹ کے ذریعے بھی رجسٹریشن کی سہولیات فراہم کررہا ہے۔

کراچی کے رہائشیوں کے لیے رجسٹریشن کی سہولت نادرا کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی، نارتھ ناظم آباد اور لیاقت آباد مراکز پر بھی دستیاب ہے۔

رواں برس جولائی کے وسط میں وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی رجسٹریشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا تھا اور کہا تھا کہ اس اسکیم سے معاشرے کے کم آمدن والے افراد کو سستے گھر فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے اس حوالے سے ویب پورٹل کا آغاز کیا تھا جس کے ذریعے کسی دفتر کا دورہ کیے بغیر درخواست گزار گھر بیٹھے خود کو رجسٹر کرسکتے ہیں۔

اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ کابینہ ضروری قانون سازی منظور کرے گی جس کے تحت کمرشل بینکس ان افراد کو قرض فراہم کرنے کی سہولت میں توسیع دے سکیں گے جو اپنا گھر خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔


یہ خبر 12 جنوری 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024