کراچی: ذاتی دشمنی پر فائرنگ، 2 کم سن بھائی جاں بحق، خاتون زخمی
سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے دور دراز علاقے میں قریبی رشتے داروں کے درمیان پیدا ہونے والے تنازع نے کراچی کے سہراب گوٹھ میں دو معصوم جانیں لے لیں جہاں ایک گھر پر فائرنگ سے دو کم سن بھائی جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول بچوں کے والد نے اپنے آبائی علاقے میں مبینہ طور پر ایک شہری کا قتل کیا تھا اور یہ واقعہ اسی قتل کا بدلہ ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ جمالی گوٹھ کے محلے غریب آباد میں مسلح افراد نے ایک گھر پر حملہ کیا اور وہاں موجود افراد پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔
مزید پڑھیں:کراچی: سپرہائی وے پر فائرنگ سے تین مظاہرین جاں بحق
ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 5 سالہ ماجد تاج اور ان کا بھائی 4 سالہ یاسین اور ایک رشتہ دار خاتون شدید زخمی ہوئیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر سلیم شیخ کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال لایا گیا تھا جہاں ماجد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی جنہیں سر پر ایک گولی لگی تھی۔
سہراب گوٹھ تھانے کے پولیس افسر کا کہنا تھا کہ زخمی یاسین کو بھی سر پر گولی لگی تھی اور انہیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کردیا گیا تھا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔
ڈاکٹر سلیم کا کہنا تھا کہ خاتون کی حالت بھی تشویش ناک ہے اور انہیں تین گولیاں لگی ہیں، دو پیٹ اور ایک گولی پاؤں پر لگی ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کا کہنا تھا کہ دوہرے قتل شہداد کوٹ کے علاقے میں شروع ہونے والے خاندانی تنازع کا نتیجہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی: کم سن بھائیوں کی مسخ شدہ لاشیں برآمد، 2 ملزمان گرفتار
ان کا کہنا تھا کہ مقتولین کا خاندان شہداد کوٹ سے ہجرت کرکے کراچی آیا تھا کیونکہ ان کے والد پر آبائی علاقے میں کچھ عرصہ قبل ہی قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
ڈی آئی جی عامر فاروقی نے کہا کہ حملہ آوروں کا اصل نشانہ مقتول بچوں کے والد تاج محمد تھے لیکن جب وہ نظر نہ آئے تو مسلح افراد نے گھر کے افراد کو نشانہ بنایا جس میں ایک خاتون بھی زد میں آئیں جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔
سہراب گوٹھ تھانے کے پولیس افسر نے کہا کہ متاثرہ خاندان نے مقدمے میں مبینہ طور پر دو بھائیوں کو نامزد کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اطلاعات کے مطابق مفرور ملزمان مقتول بچوں کے والد کے کزن ہیں۔