• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں عمر اکمل کی ڈبل سنچری

شائع December 29, 2019
عمر اکمل نے 218 رنز کی اننگز کے دوران 8 چھکے اور 20چوکے لگائے— فوٹو بشکریہ پی سی بی
عمر اکمل نے 218 رنز کی اننگز کے دوران 8 چھکے اور 20چوکے لگائے— فوٹو بشکریہ پی سی بی

عمر اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں سینٹرل پنجاب نے ناردرن کے خلاف میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے اور ناردرن کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 312رنز درکار ہیں۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں سینٹرل پنجاب اور ناردرن کی ٹیمیں مدمقابل ہیں جہاں ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ناردرن کا یہ فیصلہ اچھا ثابت نہ ہوا اور 69رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی لیکن اس موقع پر فیضان ریاض اور پاکستان انڈر19 ٹیم کے کپتان روہیل نذیر ڈٹ گئے۔

دونوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 155 رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت ناردرن کی ٹیم 254رنز بنانے میں کامیاب رہی، فیضان نے 116 اور روہیل نے 80رنز کی اننگز کھیلی۔

جواب میں سینٹرل پنجاب نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ناردرن کے تمام باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور 8وکٹوں کے نقصان پر 675رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھرا کر کے میچ کو اپنی گرفت میں لے لیا۔

اس شاندار کارکردگی کا سہرا عمر اکمل کے سر رہا جنہوں نے صرف 265گیندوں پر 8 چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے 218رنز کی بہترین اننگز کھیلی جبکہ اظہر علی نے بھی 119رنز کی اننگز تراشی۔

ظفر گوہر تھوڑے بدقسمت ثابت ہوئے اور صرف ایک رن کی کمی سے سنچری اسکور نہ کر سکے جبکہ سلمان بٹ اور بابر اعظم نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں۔

سینٹرل پنجاب نے پہلی اننگز میں 421 رنز کی بھاری برتری حاصل کر کے ناردرن کی ٹیم کو تقریباً میچ سے باہر کردیا ہے۔

بھاری خسارے میں جانے کے بعد ناردرن کو اوپنرز نے 75رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد ذیشان ملک 38رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

عمر امین نے حیدر علی کے ساتھ مل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن 109 کے مجموعی اسکور پر ان کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ بھی 17رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کو وکٹ دے بیٹھے۔

جب دن کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو ناردرن نے دو وکٹوں کے نقصان پر 109رنز بنائے تھے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 312رنز درکار ہیں جبکہ ابھی میچ کے دو دن کا کھیل باقی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024