• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

بنگلہ دیش دورہ پاکستان پر رضامند، ٹیسٹ سیریز کا فیصلہ مشروط

شائع December 24, 2019 اپ ڈیٹ December 31, 2019
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آئندہ سال ٹی20 اور ٹیسٹ سیریز شیڈول ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آئندہ سال ٹی20 اور ٹیسٹ سیریز شیڈول ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر ایک مرتبہ پھر ہچکچاہٹ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹی20 سیریز کے لیے دورہ پاکستان کے لیے رضامند ہیں اور اس سیریز کے بعد ٹیسٹ سیریز کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آئندہ سال جنوری اور فروری میں ٹی20 اور ٹیسٹ سیریز شیڈول ہے اور بنگلہ دیش ٹی20 سیریز کے لیے تو ٹیم پاکستان بھیجنے کے لیے تیار ہے لیکن ٹیسٹ میچز کے لیے سیکیورٹی کو بنیاد بنا کر دورے سے انکار کی وجوہات تلاش کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی بنگلہ دیش کا دورہ پاکستان یقینی بنانے کیلئے مداخلت کرے، اظہر علی

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا موقف تھا کہ وہ ٹی 20 میچز کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے کے لیے تو تیار ہیں لیکن سیکیورٹی خدشات کے سبب ٹیسٹ میچز کے لیے ٹیم کو پاکستان نہیں بھیج سکتے کیونکہ ٹیم زیادہ عرصے پاکستان میں قیام نہیں کر سکتی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس پر دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نیوٹرل مقام پر کوئی سیریز نہیں کھیلے گا اور تمام ٹیسٹ میچ اپنی سرزمین پر کھیلے گا۔

کرک انفو کے مطابق پاکستان کے اس موقف کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے بیان میں نسبتاً نرمی آئی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹی 20 سیریز کھیلنے کے بعد اس کی بنیاد پر ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلنے کا فیصلہ کریں گے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری نے منگل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیشی بورڈ، پاکستان کرکٹ بورڈ کے جذبات کو سمجھتا ہے لیکن ہم کوئی بھی فیصلہ اپنے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے خیالات کو مدنظر رکھ کر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کے لیے کوشاں ہیں لیکن ہمیں اپنے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے خیالات کے بارے میں بھی سوچنا ہوتا ہے جن میں سے کچھ غیر ملکی ہیں، پاکستان میں طویل دورے کے لیے میچ کا ماحول بھی بہت اہمیت کا حامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی اور کراچی ٹیسٹ میچ پاکستان کرکٹ کا ٹرننگ پوائنٹ ہے، احسان مانی

انہوں نے کہا کہ ہم نے ابتدائی طور پر ٹی20 میچز کھیلنے کی تجویز پیش کی ہے تاکہ کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ صورتحال کا بخوبی جائزہ لے سکیں۔

یاد رہے کہ سری لنکا نے بھی پاکستان میں مکمل سیریز کھیلنی تھی لیکن سری لنکن ٹیم نے ابتدائی طور پر ون ڈے اور ٹی20 سیریز کھیلی جس کے بعد ٹیسٹ سیریز کے لیے الگ سے پاکستان کا دورہ کیا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی 20 سیریز کے میچز 23، 25 اور 27 جنوری کو شیڈول ہیں البتہ بنگلہ دیش سے ٹیسٹ سیریز کے لیے انتہائی کم وقت رہ جائے گا کیونکہ فروری کے تیسرے ہفتے سے پاکستان سپر لیگ کا آغاز ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024