• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی سی بی کی بنگلہ دیش کو کراچی میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کی تجویز

شائع December 8, 2019 اپ ڈیٹ December 11, 2019
پاکستان نے اب تک چار ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیل چکا ہے—فائل/فوٹو:رائٹرز
پاکستان نے اب تک چار ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیل چکا ہے—فائل/فوٹو:رائٹرز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ ماہ بنگلہ دیش کے ساتھ شیڈول دو میچوں کی سیریز کا ایک ٹیسٹ کراچی میں ڈے اینڈ نائٹ کھیلنے کی تجویز دے دی۔

کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ ‘اس کا مقصد ڈے اینڈ نائٹ کرکٹ کی حوصلہ افزائی کرنا اور بنگلہ دیش کو پیش کش کرنے کی وجہ کم ہوتے شائقین کے مسئلے کا توڑ کرنا ہے’۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ‘ہمارا ارادہ ہے کہ ہوم سیریز میں کم از کم ایک ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ ہو، تماشائیوں کی خاصی تعداد کے علاوہ اس کا فائدہ یہ ہے کہ ہمیں اپنے کرکٹ سیزن کو طول دینے کا ایک موقع میسر ہوگا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان میں اگر سیزن اپریل کے وسط یا اوائل میں ختم ہوتا ہے تو ہم اس کو ڈے اینڈ نائٹ میچوں کے ذریعے توسیع دے سکتے ہیں’۔

یہ بھی پڑھیں:سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان، فواد عالم کی 10سال بعد واپسی

احسان مانی نے کہا کہ ‘خالی میدانوں میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا مناسب نہیں ہے اور اس خیال کے ساتھ ہمیں امید ہے کہ تماشائی شام کو اپنے کام سے واپسی پر اس منفرد تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے’۔

ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کرکٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘اس وقت ہر ٹیسٹ کھیلنے والا ملک ڈے اینڈ نائٹ کرکٹ شروع کرچکا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ سیریز میں کم ازکم ایک ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ کھیلا جائے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘بھارت کے کپتان ویرات کوہلی جو ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے حوالے سے کسی حد تک متذبذب تھے، اب بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں حالیہ میچ کے بعد اس کے سفیر بن گئے ہیں اس لئے یہ مستقبل کے لیے اچھا ہے’۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان حال ہی میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلا گیا تھا جو ان کی تاریخ کا پہلا ٹیسٹ تھا جبکہ پاکستان اب تک چار ٹیسٹ میچز کھیل چکا ہے جو آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے خلاف تھے۔

پاکستان کو آسٹریلیا اور سری لنکا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم ویسٹ انڈیز کو 2017 میں دبئی ٹیسٹ میں 56 رنز سے شکست دی تھی۔

مزید پڑھیں:پاکستان، سری لنکا سیریز کیلئے ٹکٹ کی حیران کن قیمت مقرر

پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کا تجربہ کرچکا ہے اور 2011 میں پہلی مرتبہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں قائد اعظم ٹرافی کا فائنل ڈے اینڈ نائٹ کھیلا گیا تھا۔

پاکستان میں دس برس بعد رواں ماہ ٹیسٹ کرکٹ بحال ہورہی ہے جب سری لنکا کی ٹیم دو ٹیسٹ کے لیے اسلام آباد پہنچے گی۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان جنوری 2020 میں دو ٹیسٹ، تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز شیڈول ہے تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان آئے گی یا سیریز کسی دوسرے مقام پر کھیلی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024