• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

زلفی بخاری کا قطر میں لیبر ریفارمز پر اطمینان کا اظہار

شائع November 29, 2019
زلفی بخاری نے قطری وزیر سے پشاور اور لاہور میں قطر ویزا سینٹرز کھولنے کی درخواست بھی کی — فائل فوٹو: ٹوئٹر
زلفی بخاری نے قطری وزیر سے پشاور اور لاہور میں قطر ویزا سینٹرز کھولنے کی درخواست بھی کی — فائل فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان نے قطری حکومت کی مزدور دوست پالیسیوں اور پاکستانی مزدوروں کی ملازمت اور رہائش کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کردیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی سید ذوالفقار عباس بخاری نے قطر کے وزیر برائے ایڈمنسٹریٹو ڈپارٹمنٹ، لیبر اور سوشل افیئرز یوسف بن محمد العثمانی فخرو سے ملاقات کی اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے تعاون سے قطری حکومت کی جانب سے مزدوروں سے متعلق قانونی اصلاحات پر مبارکباد دی۔

گلف ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی سفارت خانے نے ایک اعلامیے میں کہا کہ معاون خصوصی نے قطری حکومت کی مزدور دوست پالیسیوں اور پاکستانی مزدوروں کی ملازمت اور رہائش کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے دونوں وزارتوں کے درمیان ڈیجیٹل رابطے کی ضرورت پر زور دیا جس سے ملازمین کی بھرتیوں سے متعلق موجودہ طریقہ کار میں مثبت تبدیلی آئے گی۔

زلفی بخاری نے پاکستان کی افرادی قوت کی صلاحیتوں کی نشاندہی کی اور قطری وزیر سے قطر کی لیبر فورس میں پاکستان کے ہنرمند افراد کو شامل کرنے میں تیزی لانے پر زور دیا۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ: زلفی بخاری کی نااہلی کیلئے دائر پٹیشن پر عمران خان و دیگر کو نوٹس

معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی نے امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک قطر میں پاکستانی مزدوروں کی تعداد میں اضافے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مصروفِ عمل رہیں گے۔

زلفی بخاری نے قطری وزیر سے پشاور اور لاہور میں قطر ویزا سینٹرز کھولنے کی درخواست بھی کی۔

علاوہ ازیں معاون خصوصی زلفی بخاری نے اوورسیز امپلائمنٹ پروموٹرز کانفرنس میں بھی شرکت کی۔

کانفرنس کا انعقاد دونوں ممالک کی افرادی قوت کی ایجنسیوں کے درمیان براہ راست تعاون کے لیے کیا گیا تھا جس میں قطری وزارت برائے انتظامی ترقی، مزدور اور سماجی امور، قطر کی اعلیٰ سطح کے آجر اور قطری افرادی قوت فراہم کرنے والی ایجنسیاں شریک تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: قطر کشیدگی پر پاکستان کا اظہار تشویش

اس موقع پر زلفی بخاری نے سیکیورٹی، تعمیرات، مہمان نوازی، میڈیکل، انجینئرنگ اور دیگر پیشوں میں پاکستانی افرادی قوت کی صلاحیت کی نشاندہی کی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان 2022 فیفا ورلڈ کپ میں قطر کی افرادی قوت کی ضرورت پوری کرنے کے لیے تیار ہے۔

زلفی بخاری نے بعدازاں صنعتی علاقے میں ایشین ٹاؤن لیبر کیمپ کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں مزدوروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

معاون خصوصی نے ایشین ٹاؤن لیبر کیمپ میں قیام پذیر پاکستانی مزدوروں کے گروہ سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور حکومت خاص طور پر وزارت اوورسیز پاکستانی کی جانب سے مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کروائی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024