• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

اسلام آباد میں فائرنگ سے پاک فوج کا میجر قتل

شائع November 22, 2019 اپ ڈیٹ November 23, 2019
نامعلوم افراد فائرنگ کرکے فرار ہوگئے—فوٹو: شٹر اسٹاک
نامعلوم افراد فائرنگ کرکے فرار ہوگئے—فوٹو: شٹر اسٹاک

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پاک فوج کے میجر کو قتل کردیا۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ تھانہ کراچی کمپنی کی حدود میں پیش آیا، جہاں نامعلوم ملزمان نے ایک شخص پر فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت لاریب کے نام سے ہوئی، جو پاک فوج کا ملازم بتایا جاتا ہے جبکہ ان کی پوسٹنگ اٹک میں تھی۔

ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ پاک فوج کے افسر پارک میں بیٹھے تھے کہ 2 نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں سر پر گولی لگی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

ایف آئی آر کا متن
ایف آئی آر کا متن

مذکورہ واقعے کے بارے میں پولیس نے مزید بتایا کہ ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی کی واردات نہیں لگتا، تاہم ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید نے معاملے کا نوٹس لیتےہوئے 2 تحقیقاتی ٹیم بنا دی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک ٹیم ایس پی انویسٹی گیشن اور دوسری ٹیم ایس پی صدر کی نگرانی میں بنائی گئی ہے، یہ ٹیمیں معاملے کی مکمل چھان بین کریں گی، جس کے بعد اصل حقائق واضح ہوں گے۔

دوسری جانب پولیس نے مقتول کے بھائی زوہیب کی مدعیت میں تھانہ کراچی کمپنی میں مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس نے فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 اور 34 کو شامل کیا ہے۔

ایف آئی آر میں مقتول کے بھائی کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ ان کے بھائی 'میجر لاریب کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا'۔

مذکورہ ایف آئی آر کے مطابق 'میجر لاریب 21 نومبر کو اسلام آبا پہنچے تھے کہ انہیں اطلاع ملی کہ رات کو 10 بجکر 10 منٹ پر ان کے بھائی پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ جی نائن پارک میں ایک لڑکی کے ساتھ تھے'۔

ایف آئی آر میں استدعا کی گئی ہے کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

علاوہ ازیں پولیس نے بتایا کہ پاک فوج کے افسر لاریب کا پوسٹ مارٹم کرلیا گیا ہے جس کی رپورٹ کا انتظار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024