• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان کا فروری 2020 کے بعد بھی گرے لسٹ میں رہنے کا امکان

شائع November 8, 2019
پاکستان کے آئندہ برس اکتوبر تک ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں موجود رہنے کا امکان ہے —فائل فوٹو:  ایف اے ٹی ایف فیس بک
پاکستان کے آئندہ برس اکتوبر تک ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں موجود رہنے کا امکان ہے —فائل فوٹو: ایف اے ٹی ایف فیس بک

اسلام آباد: بیک وقت 2 جائزوں اور خطرے کی زد میں رہنے کی بنا پر پاکستان کا فروری 2020 کے بعد بھی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ میں برقرار رہنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

یہ بات اعلیٰ حکام نے پارلیمانی کمیٹی کے ایک اجلاس میں کہی اور انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ عالمی برادری کے مطابق معلومات کے تبادلوں کے معاہدوں کے تحت پاکستان کو 10 کھرب 15 ارب روپے کے غیر ملکی اثاثوں پر ٹیکس کی مد میں محض 5 ارب 60 کروڑ روپے حاصل ہوئے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کو رسک پروفائل کے باعث دیگر ممالک سے زیادہ بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان فروری 2020 تک ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہی رہے گا

انہوں نے بتایا کہ کچھ ممالک کو ایکشن پلان پر 80 فیصد عمل کرنے پر ہی گرے لسٹ سے خارج کردیا گیا لیکن پاکستان پر 100 فیصد عملدرآمد کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’سیاسی وجوہات کی بنا پر پاکستان کو نہایت اعلیٰ سطح سے دیکھا جارہا ہے‘ حالانکہ افغانستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں موجود نہیں۔

وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کے اہداف کو پانے کے لیے بروقت اقدامات کررہا ہے اور 27 نکاتی ایکشن پلان کے 22 نکات پر جزوی طور پر عمل کیا جاچکا ہے تاہم انٹرنیشنل کوآپریشن ریویو گروپ (آئی سی آر جی) کے 5 اہداف پر عمل کرنا باقی ہے۔

مزید پڑھیں: وفاقی حکومت نے قومی ایف اے ٹی ایف سیکریٹریٹ قائم کرنے کی منظوری دیدی

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ایکشن پلان کے حوالے سے اپنی آئندہ رپورٹ ایشیا پیسیفک گروپ (اے پی جی) میں 7 دسمبر تک جمع کروائے گا جبکہ اے پی جی اُس رپورٹ پر سوالات اور فیڈ بیک 17 دسمبر تک دے گا جس کے بعد اسلام آباد 7 جنوری تک اپنا ردِ عمل دے گا۔

بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان کی تکنیکی ٹیم جنوری کے تیسرے ہفتے میں ایشیا پیسیفک گروپ کے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس میں شرکت کرے گی جس کے بعد جوائنٹ ورکنگ گروپ ایف اے ٹی ایف کے پاس اپنی رپورٹ جنوری کے آخر میں جمع کروائے گا۔

مذکورہ رپورٹ پر فروری کے وسط تک فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا پاکستان کو گرے لسٹ سے خارج کرنا چاہیے یا اس فہرست میں برقرار رکھنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان، ایف آئی اے میں علیحدہ یونٹ قائم

انہوں نے کہا کہ حکومت گرے لسٹ سے اخراج کے حوالے سے پُرامید ہے لیکن اس کی کارکردگی کو بیک وقت اے پی جی کے 40 نکاتی ایکشن پلان کے تناظر میں بھی دیکھا جارہا ہے جس کی حتمی تاریخ اکتوبر 2020 ہے۔

وزیر اقتصادی امور کا کہنا تھا کہ یہ واضح نہیں کہ آئی سی آر جی اہداف پر عملدرآمد کی حتمی مدت فروری سے لے کر اے پی جی کی اکتوبر تک کی ڈیڈلائن کے درمیانی عرصے میں ایف اے ٹی ایف پاکستان کے بارے میں کیا فیصلہ کرے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر پاکستان فروری تک کے ایکشن پلان پر عملدرآمد کر بھی لے تو اس کے آئندہ برس اکتوبر تک ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں موجود رہنے کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024