• KHI: Maghrib 5:44pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:02pm Isha 6:27pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • KHI: Maghrib 5:44pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:02pm Isha 6:27pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm

ڈیرہ اسمٰعیل خان میں فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکار شہید

شائع November 5, 2019 اپ ڈیٹ November 6, 2019
ایف سی کے دو اہلکار زخمی بھی ہوئے—فائل/فوٹو:اے ایف پی
ایف سی کے دو اہلکار زخمی بھی ہوئے—فائل/فوٹو:اے ایف پی

ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کلاچی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 2 اہلکار شہید اور ایک رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہوگئے۔

ڈی پی او ڈی آئی خان دلاور بنگش کے مطابق ایف سی اہلکار لونی کے علاقے میں قائم اپنی چیک پوسٹ کی طرف جارہے تھے کہ دریائے قاسم کے قریب باچا آباد کے علاقے میں ان پر حملہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 ایف سی اہلکار شہید اور ایک رکشہ ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 اہلکار زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں:ڈیرہ اسمٰعیل خان میں فائرنگ اور خودکش دھماکا، 6 پولیس اہلکاروں سمیت 9 شہید

زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوع کا گھیراؤ کیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا۔

ڈی پی او دلاور بنگش کا کہنا تھا کہ جوابی فائرنگ کے دوران حملہ آور جائے وقوع سے فرار ہوگئے۔

خیال رہے کہ ڈی آئی خان کے ضلع دارابان خرد میں گزشتہ ہفتے کھلونہ بم پھٹنے سے 3 بہن بھائی جاں بحق ہوگئے تھے۔

پولیس اور علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ جاں بحق بچوں کے والد صفدر نے کھیتوں سے بم کو کھلونا سمجھ کر گھر لایا تھا اور اپنے بچوں کو دیا تھا جس کے ساتھ وہ کھیلنے لگے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بچوں نے کھیلنا شروع کیا تو کھلونا بم پھٹ گیا جس سے تینوں بچے موقع پر جاں بحق ہوگئے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اسی دوران ایک واقعہ ضلع مہمند کی تحصیل امبر کے علاقے شتی مینا میں پیش آیا جہاں نصب شدہ بارودی مواد پھٹنے سے ایک شہری بھی جاں بحق ہوگیا۔

جاں بحق شہری کے حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ ان کی شناخت عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے جو موٹرسائیکل میں قریبی گاؤں جارہے تھے اور جب شتی مینا پہنچے تھے کہ آئی ای ڈی ان کی موٹر سائیکل سے ٹکرایا اور موقع پر دم توڑ گئے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈی آئی خان میں پولیس وین پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ، 3 افراد زخمی

یاد رہے کہ رواں برس 21 جولائی کو ڈیرہ اسمٰعیل خان میں قائم چیک پوسٹ پر فائرنگ اور ہسپتال میں خودکش دھماکے سے 6 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید ہوگئے تھے جس کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی تھی۔

درابن روڈ کوٹلہ سیدان چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈیوٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) سلیم ریاض کے مطابق صبح 7 بجکر 45 منٹ پر 4 موٹر سائیکلوں پر نامعلوم مسلح افراد نے چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ خودکش تھا جس میں ایک خاتون کے ملوث ہونے کا امکان ہے جبکہ یہ حملہ سوچی سمجھی سازش تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'حملے میں 6 سے 7 کلو بارودی مواد کا استعمال کیا گیا تھا، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے'۔

کارٹون

کارٹون : 18 نومبر 2024
کارٹون : 17 نومبر 2024