• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

آزادی مارچ: 'عوام کسی کٹھ پتلی کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں'

شائع November 1, 2019
عوام نہ کسی سلیکٹڈ کو مانتے ہیں، نہ کسی کٹھ پتلی کو مانتے ہیں، چیئرمین پیپلز پارٹی — فوٹو: ڈان نیوز
عوام نہ کسی سلیکٹڈ کو مانتے ہیں، نہ کسی کٹھ پتلی کو مانتے ہیں، چیئرمین پیپلز پارٹی — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آج عوام نے یہ پیغام دے دیا ہے کہ وہ کسی کٹھ پتلی کے سامنے سر جھکانے اور سلیکٹڈ وزیر اعظم کو ماننے کو تیار نہیں ہیں۔

اسلام آباد میں آزادی مارچ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 'آزادی مارچ کے شرکا کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے متفقہ طور پر حکومت کو گھر جانے کا پیغام دے دیا اور عوام نے بتادیا کہ وہ کسی کٹھ پتلی کے سامنے سر جھکانے اور سلیکٹڈ وزیر اعظم کو ماننے کو تیار نہیں ہیں۔'

انہوں نے کہا کہ 'عوام نہ کسی سلیکٹڈ کو مانتے ہیں، نہ کسی کٹھ پتلی کو مانتے ہیں اور نہ ہی کسی آمر یا سلیکٹر کے آگے سر جھکانے کو تیار ہیں، عوام صرف اور صرف جمہوریت اور کٹھ پتلیوں اور سلیکٹرز سے آزادی چاہتے ہیں۔'

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 'جو قوتیں چاہتی ہیں کہ اس ملک میں طاقت کا سرچشمہ عوام نہ ہو بلکہ ریاست ہو، ڈنڈا ہو اور بندوق ہو ان قوتوں نے ذوالفقار علی بھٹو کو تختہ دار پر لٹکا دیا مگر ہم نے کسی آمر کے آگے سر نہیں جھکایا، کسی آمریت کو قبول نہیں کیا، پھر بےنظیر بھٹو شہید نے پارٹی کا پرچم تھاما اور آمر سے ٹکرائیں لیکن سر نہیں جھکایا اور دہشت گردوں کے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جام شہادت نوش کیا۔'

یہ بھی پڑھیں: آزادی مارچ: جے یو آئی (ف) کا قافلہ اسلام آباد میں داخل

ان کا کہنا تھا کہ جس جمہوریت کی خاطر ہم نے اتنی قربانیاں دیں آج اسی جمہوریت پر حملے ہو رہے ہیں، عوام کے جمہوری حقوق چھینے جارہے ہیں، آج بھی سسٹم کو فیل کروایا جاتا ہے، الیکشن میں دھاندلی کروائی جاتی ہے اور اس کے نتیجے میں ایک نالائق، نااہل اور کٹھ پتلی کو سلیکٹ کرکے ملک کا وزیر اعظم بنا دیا جاتا ہے اور وہ کٹھ پتلی اس ملک کی جمہوریت، مفاد اور معیشت پر حملہ کرتا آرہا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومتیں عوام کا خیال نہیں رکھتیں، مہنگائی کرکے عام آدمی کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، ٹیکسز کی وجہ سے چھوٹے تاجروں کا معاشی قتل ہو رہا ہے جبکہ پنشنز میں اضافہ نہ کر کے بزرگوں کا معاشی طور پر قتل کیا جا رہا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 'آج تمام سیاسی جماعتوں اور عوام نے مل کر وزیر اعظم کو یہ پیغام پہنچایا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ سلیکٹڈ کو جانا پڑے گا، وزیر اعظم کو جانا پڑے گا اور اپوزیشن کی جدوجہد کامیاب ہوگی۔'

واضح رہے کہ اسلام آباد کے ایچ- 9 میٹرو گراؤنڈ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کی زیر اہتمام اپوزیشن کے 'آزادی مارچ' کا پنڈال سج چکا ہے جہاں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے قافلے پہنچ چکے ہیں۔

آزادی مارچ کا اہم جلسہ جمعہ کو ہوگا جس میں سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمٰن اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف خطاب کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024