• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

بنگلہ دیش پھر ناکام، پاکستان ویمن ٹیم کا ٹی20 سیریز میں کلین سوئپ

شائع October 30, 2019
بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں کلین سوئپ کے بعد پاکستان ویمن ٹیم کا گروپ فوٹو— تصویر بشکریہ پی سی بی
بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں کلین سوئپ کے بعد پاکستان ویمن ٹیم کا گروپ فوٹو— تصویر بشکریہ پی سی بی

جویریہ خان کی شاندار نصف سنچری کی بدولت پاکستان ویمن ٹیم نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر تین میچوں کی ٹی20 سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو 19 رنز پر عائشہ ظفر اور کپتان بسمہ معروف دونوں پویلین لوٹ چکی تھیں۔

اس موقع پر جویریہ خان کا ساتھ دینے عمیمہ سہیل آئیں اور دونوں نے 67رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کی البتہ ان دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوتے ہی وکٹیں گرنے کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو گیا۔

جویریہ نے 48 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عمیمہ نے 31 رنز بنائے لیکن اس کے بعد آنے والی بقیہ بلے باز ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکیں۔

پاکستان کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنا سکی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے جہاں آرا عام نے ایک مرتبہ پھر شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 12رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ویمن ٹیم کی اننگز کا آغاز بھی تباہ کن تھا اور صرف 12 رنز پر اس کے چار مستند بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس مرحلے پر نگار سلطانہ کا ساتھ دینے فرگانہ حق آئیں اور دونوں نے 53رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن 65 کے مجموعی اسکور پر دونوں یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی پاکستانی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکا اور بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 89 رنز بنا سکی۔

پاکستان نے 28رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں بھی 0-3 سے کلین سوئپ کر لیا۔

پاکستان کی جویریہ خان کو شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان کی کپتان بسمہ معروف اور بنگلہ دیش کی جہاں آرام کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024