• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو بابر بن عطا مستعفی

شائع October 18, 2019
بابر بن عطا نے ٹوئٹر  پر استعفے کا اعلان کیا — فوٹو: بابر بن عطا ٹوئٹر
بابر بن عطا نے ٹوئٹر پر استعفے کا اعلان کیا — فوٹو: بابر بن عطا ٹوئٹر

وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مہم بابر بن عطا نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

بابر بن عطا نے مستعفی ہونے کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا اور ذاتی وجوہات کو استعفے کے فیصلے کی وجہ قرار دیا۔

وزیراعظم عمران خان کو ارسال کیے گئے استعفے میں بابر بن عطا نے کہا کہ ان کا ماننا ہے کو جو مشن انہیں دیا گیا تھا وہ انہوں نے مکمل کیا اور وہ اس لیے استعفیٰ دے رہے ہیں کیونکہ وہ اپنے والد کو وقت نہیں دے پارہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں استعفیٰ جمع کروانا چاہتا ہوں کیونکہ اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا ہونے کی وجہ سے میں اپنے بیمار والد کی صحت پر توجہ نہیں دے پارہا اور میں اپنی باقی زندگی اس بات پر افسوس کرکے نہیں گزار سکتا کہ میں نے اپنے والدین کا خیال اس وقت نہیں رکھا جب انہیں میری سب سے زیادہ ضرورت تھی‘۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کے معاون برائے انسدادِ پولیو کو سوشل میڈیا تبصروں پر تنقید کا سامنا

بابر بن عطا نے کہا کہ اپنے کام اور والدین سے متعلق ذمہ داری میں توازن برقرار رکھنے کے لیے وہ پر اعتماد ہیں کہ وہ اپنے کام کو صحیح ہاتھوں میں سونپ کر جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ان کی ترجیح ان کے والدین ہیں۔

اس حوالے سے ٹوئٹر پر کیے گئے مختلف ٹوئٹس میں بابر بن عطا نے کہا کہ ’ایک سال سے زائد عرصے تک وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے پولیو کے عہدے پر خدمات سرانجام دینے کے بعد میں نے خاندان سے متعلق کچھ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر وزیراعظم عمران خان سے فرائض سے ریلیف فراہم کرنے کا ہے‘۔

بابر بن عطا نے کہا کہ اس عرصے کے دوران مجھے دنیا کے بہترین افراد کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ ’جب میں مڑ کر دیکھوں تو مجھے یہ کہتے ہوئے فخر ہوتا ہے کہ میں نے ایک ایسا ماحول پیدا کرنے کی ہرممکن کوشش کی جہاں پولیو کا خاتمہ اولین ترجیح ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: والدین پولیو مہم کے خلاف پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں، بابر بن عطا

بابر بن عطا نے مزید کہا کہ ’ایک 24/7 کال سینٹر کا افتتاح جلد کیا جائے گا جہاں پولیو ویکسین سے متعلق لوگوں کے تحفظات کا جواب دیا جاسکے گا‘۔

اپنے ٹوئٹ میں بابر بن عطا نے مزید کہا کہ ’رواں ماہ کے اختتام تک پاکستان کے پہلے ’پرسیپشن مینیجمنٹ انیشیٹیو‘ کا آغاز کردیا جائے گیا جس کے اثرات ’گیم چینجر‘ ثابت ہوں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میں ایک ایسے وقت میں جارہا ہوں جب پولیو کے واقعات میں کمی کا سیزن قریب ہے‘۔

بابر بن عطا نے کہا کہ ’پاکستان اس وقت ایسی پوزیشن پر ہے جب پولیو کا مکمل خاتمہ ہوگا، اس موقع کا فائدہ اٹھانا چاہیے اور اسے گنوانا نہیں چاہیے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں ہمیشہ آپ سب کی جانب سے دی گئی محبت اور عزت کا مشکور رہوں گا‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس ہونے والے نتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کامیابی کے بعد اکتوبر 2018 میں پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ونگ کے رکن بابر بن عطا کو وزیراعظم کا فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مہم تعینات کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024