• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

چیئرمین نیب کے تقرر کے خلاف درخواست کی سماعت کیلئے لارجر بینچ تشکیل

شائع October 10, 2019
درخواست گزار کے مطابق نیب آرڈیننس اور چیئرمین نیب کا تقرر آئین و قانون کے مطابق نہیں — فائل فوٹو: ڈان نیوز
درخواست گزار کے مطابق نیب آرڈیننس اور چیئرمین نیب کا تقرر آئین و قانون کے مطابق نہیں — فائل فوٹو: ڈان نیوز

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی تعیناتی اور نیب کی کارروائیاں کالعدم قرار دینے کے لیے دائر درخواست پر لاہور ہائی کورٹ کا فل بینچ تشکیل دے دیا گیا۔

خیال رہے کہ ایڈووکیٹ اے کے ڈوگر نے لاہور ہائی کورٹ میں چیئرمین نیب کی تعیناتی کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں انہوں نے نیب کی کارروائیوں کو بھی چیلنج کیا تھا اور کہا تھا کہ نیب آرڈیننس اور چیئرمین نیب کا تقرر آئین و قانون کے مطابق نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نئے چیئرمین نیب کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے، عمران خان

درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ نیب آرڈیننس میں اس بات کا تعین کیا گیا ہے کہ صدر مملکت نیب کے چیئرمین کو قومی اسمبلی کے قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کی مشاورت سے تعینات کریں گے لیکن یہ کہیں نہیں لکھا کہ بیورو کی تشکیل کیسے ہوگی۔

اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ موجودہ قومی احتساب بیورو کی تشکیل اور اس کی کارروائیوں کو کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست گزار نے یہ بھی کہا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا بھی نیب قوانین کے تحت ہوئی چنانچہ نواز شریف کی سزا ختم کرکے ان کی رہائی کا حکم بھی دیا جائے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا چیئرمین نیب کی کارکردگی پر اظہارِ اطمینان

جس پر جسٹس قاسم خان نے فیصلہ دیا تھا کہ نواز شریف کی اپیلیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہیں لہٰذا لاہور ہائی کورٹ نواز شریف کی حد تک اس درخواست کو مسترد کرتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ چونکہ چیئرمین نیب کا تقرر اور نیب کارروائیوں کے خلاف درخواست کا معاملہ اہم نوعیت کا ہے اس لیے اس پر فل بینچ تشکیل دینے کی سفارش کی جاتی ہے۔

اے کے ڈوگر نے مذکورہ درخواست مارچ 2019 کے اواخر میں دائر کی تھی جس میں نیب کو فریق بنایا گیا تھا۔

بعدازاں 18 ستمبر کو اس اپیل پر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس قاسم علی خان نے فل بینچ بنانے کی سفارش کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: نئے چیئرمین نیب کی تقرری کے بعد کرپشن کے 101 ریفرنس دائر ہونے کا انکشاف

چنانچہ آج (بروز جمعرات) لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار شمیم خان نے اس اہم معاملے کی سماعت کے لیے فل بینچ تشکیل دے دیا۔

مذکورہ فل بینچ جسٹس قاسم خان، جسٹس ملک شہزاد اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل ہے جو چیئرمین نیب کے تقرر اور نیب کی کارروائیوں کے خلاف درخواست کی سماعت کرے گا۔ ۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024