• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

اگروال کی ڈبل سنچری، بھارت کے 502رنز کے بعد پروٹیز مشکلات سے دوچار

شائع October 3, 2019
ماینک اگروال نے 215 رنز کی اننگز کے دوران 6 چھکے اور 23 چوکے لگائے— فوٹو: اے ایف پی
ماینک اگروال نے 215 رنز کی اننگز کے دوران 6 چھکے اور 23 چوکے لگائے— فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے ماینک اگروال کی ڈبل سنچری اور روہت شرما کے ساتھ شاندار اوپننگ شراکت کی بدولت جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔

وشاکاپٹنم میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے 202 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو دونوں کھلاڑیوں نے اپنی بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا۔

دونوں نے جنوبی افریقی باؤلرز کا مزید امتحان لیتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 317 رنز کی شراکت قائم کی لیکن کھانے کے وقفے سے کچھ دیر قبل روہت شرما 176 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

دوسرے اینڈ سے اگروال نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعد ڈبل سنچری کی جانب پیش قدمی جاری رکھی۔

ادھر دوسری جانب سے تیزی سے رنز بنانے کی جستجو میں آنے والے کھلاڑی یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے رہے۔

چتیشور پجارا 6، کپتان ویرات کوہلی 20، اجنکیا راہانے 15، ہنوما ویہاڑی 10، وردھیمان ساہا 21 بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ رویندرا جدیجا نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔

ماینک اگروال نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کی اور 6 چھکوں اور 23 چوکوں کی مدد سے 215 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت نے اپنی پہلی اننگز 502 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشپ مہاراج 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے لیکن اس کے لیے انہیں 189 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی۔

جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور 14 کے مجموعی اسکور پر روین چندرن ایشون نے ایڈن مرکرم کی وکٹیں بکھیر دیں۔

اسکور ابھی 31 تک پہنچا تھا کہ ایشون نے تھیونس ڈی برون کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا جبکہ مزید چند رنز کے اضافے سے رویندرا جدیجا نے ڈین پیڈٹ کی وکٹ لے کر اپنی ٹیم کو تیسری کامیابی دلائی۔

جب میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقہ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز بنائے تھے اور اسے فالو آن سے بچنے کے لیے مزید 264 رنز درکار ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024