• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سانپ رکھنے کا کیس: رابی پیرزادہ کے وارنٹ گرفتاری جاری

شائع September 27, 2019
گلوکارہ پر غیر قانونی طور پر سانپ، اژدھے اور مگر مچھ رکھنے کا الزام ہے —فائل فوٹو: انسٹاگرام
گلوکارہ پر غیر قانونی طور پر سانپ، اژدھے اور مگر مچھ رکھنے کا الزام ہے —فائل فوٹو: انسٹاگرام

لاہور کی مقامی عدالت نے گلوکارہ و اداکارہ رابی پیرزادہ کے خلاف سانپ اور اژدھے رکھنے کے کیس میں قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

اداکارہ و گلوکارہ پر الزام ہے کہ انہوں نے گزشتہ 5 سال سے غیر قانونی طور پر گھر میں سانپ، اژدھوں اور مگر مچھوں کو رکھا ہوا ہے اور ان کے خلاف جنگلی حیات کے قوانین کی خلاف ورزی کے تحت عدالت میں چارج شیٹ جمع کرائی گئی ہے۔

عدالت کی طلبی پر رابی پیرزادہ کی جانب سے ان کے وکیل عابد سیال ماڈل ٹاؤن کی عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے اپنا وکالت نامہ پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’سانپ اور اژدھے‘ ساتھ رکھنے پر رابی پیرزادہ پر جیل کی تلوار لٹکنے لگی

جوڈیشل میجسٹریٹ حارث صدیقی نے کیس کی سماعت کی، جس دوران محکمہ وائلڈ لائف نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ رابی پیرزادہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

دوران سماعت محکمہ وائلڈ لائف کے وکیل عبدالسمیع وڑائچ اور فلک شیر رانجھا نے عدالت سے ملزمہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

جج حارث صدیقی نے اداکارہ کے وکیل سے کہا کہ یہ فوجداری کیس ہے، اس میں ملزمہ کو عدالت میں پیش کیا جائے، جس پر گلوکارہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ جنگلات نے ان کی مؤکلہ کے خلاف سرچ رپورٹ عدالت میں پیش نہیں کی، اس وجہ سے کیس کی سماعت ملتوی کی جائے۔

رابی پیرزادہ کے وکیل کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے عدالت نے گلوکارہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کردی تھی۔

اب آئندہ سماعت پر رابی پیرزادہ قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے تحت عدالت میں خود پیش ہوں گی، انہیں پولیس گرفتار کرکے پیش نہیں کر سکتی۔

اگر ان پر الزام ثابت ہوگیا تو انہیں جرمانے اور قید کی سزا ہوگی۔

اپنے خلاف کیس بنائے جانے کے بعد گلوکارہ نے سانپ اور اژدھوں سے لاتعلقی ظاہر کیا تھا —فوٹو: انسٹاگرام
اپنے خلاف کیس بنائے جانے کے بعد گلوکارہ نے سانپ اور اژدھوں سے لاتعلقی ظاہر کیا تھا —فوٹو: انسٹاگرام

یاد رہے کہ پنجاب کے محکمہ وائلڈ لائف نے رواں برس 17 ستمبر کو لاہور کی عدالت میں گلوکارہ کے خلاف چارج شیٹ پیش کرتے ہوئے عدالت سے ان کے خلاف کارروائی کی اجازت طلب کی تھی۔

محکمہ جنگلات و جنگلی حیات نے رابی پیرزادہ کے خلاف پیش کیے گئے چالان میں عدالت کو بتایا تھا کہ گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں اعتراف کیا کہ ان کے پاس ’سانپ، اژدھے اور مگر مچھ‘ گزشتہ پانچ سال سے ہیں۔

چالان میں مزید کہا گیا تھا کہ ’سانپ، اژدھوں اور مگر مچھ‘ کو گھر میں رکھنا جنگلی حیات کے قوانین کی خلاف ورزی ہے، یہ خطرناک عمل بھی ہے اور ایسا قدم اٹھانے والے شخص کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔

مزید پڑھیں: سانپ، اژدھے اور مگر مچھ میرے نہیں دوست کےہیں، رابی پیرزادہ

چالان پیش کیے جانے کے بعد عدالت نے محکمہ جنگلی حیات کو رابی پیرزادہ کے گھر کی تلاشی لینے کی اجازت دینے سمیت گلوکارہ کو 27 ستمبر کو طلب کیا تھا۔

اپنے خلاف محکمہ جنگلات کی جانب سے کیس بنائے جانے کے بعد رابی پیرزادہ نے رواں ماہ 18 ستمبر کو دعویٰ کیا تھا کہ سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیوز میں دکھائی دینے والے سانپ و اژدھے ان کے اپنے نہیں بلکہ ایک دوست کے ہیں۔

اس دعوے سے قبل گلوکارہ کی سوشل میڈیا پر ہونے والی ویڈیوز میں انہیں یہ دعویٰ کرتے دیکھا گیا تھا کہ وہ سانپ اور اژدھے و مگر مچھ ان کے اپنے ہیں اور گزشتہ پانچ سال سے ان کے پاس ہیں۔

اگر اداکارہ کے خلاف جرم ثابت ہوگیا تو انہیں جیل کی سزا ہوسکتی ہے—فوٹو: انسٹاگرام
اگر اداکارہ کے خلاف جرم ثابت ہوگیا تو انہیں جیل کی سزا ہوسکتی ہے—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024