کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں 11سال بعد ڈومیسٹک کرکٹ کی واپسی
صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں قائد اعظم ٹرافی کے میچ کے انعقاد کے ساتھ ہی 11 سال کے طویل وقفے کے بعد قومی ڈومیسٹک کرکٹ کا آغاز ہوگیا۔
قائد اعظم ٹرافی کے پہلے مرحلے کے دوسرے راؤنڈ میں بلوچستان اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں بگٹی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہیں جس کے ساتھ ہی بگٹی اسٹیڈیم میں 11سال بعد ڈومیسٹک کرکٹ کی واپسی ہوئی۔
صوبے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے سبب کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں 11سال تک ڈومیسٹک فرسٹ کلاس میچز کا انعقاد نہیں ہو سکا تاہم رواں سال نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کو متعارف کرانے کے ساتھ ہی ایک مرتبہ پھر اسٹیڈیم میں ڈومیسٹک کرکٹ کی رونقیں بحال ہو گئی ہیں۔
بگٹی اسٹیڈیم میں بلوچستان کی ٹیم کی قیادت عمران فرحت جبکہ سدرن پنجاب کی کپتانی شان مسعود کر رہے ہیں۔
شائقین کرکٹ نے میچ دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کیا اور پاکستان کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا کہ ڈومیسٹک میچز کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان سپر لیگ کے میچ کا بھی کوئٹہ میں انعقاد یقینی بنایا جائے۔
رواں سیزن میں قائداعظم ٹرافی کے 4 میچز کی میزبانی کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم کو دی گئی ہے۔ قائداعظم ٹرافی کا پہلا مرحلہ 4 راونڈز پر مشتمل ہے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی کو پی ایس ایل ڈرافٹ میں نامزدگی کے ساتھ ساتھ نومبر میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بھی بنایا جا سکتا ہے۔