• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

نڈال یو ایس اوپن کے فاتح، کیریئر کا 19واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت لیا

شائع September 9, 2019 اپ ڈیٹ September 13, 2019
یو ایس اوپن کے فاتح رافیل نڈال اور رنر ڈینیئل میدویدیو اپنی اپنی ٹرافیوں کے ہمراہ— فوٹو: اے ایف پی
یو ایس اوپن کے فاتح رافیل نڈال اور رنر ڈینیئل میدویدیو اپنی اپنی ٹرافیوں کے ہمراہ— فوٹو: اے ایف پی

عالمی شہرت یافتہ ہسپانوی سپر اسٹار رافیل نڈال نے یو ایس اوپن کے فائنل میں ڈینیئل میدویدیو کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر کیریئر کا 19واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت لیا۔

نیویارک میں کھیلے گئے سال کے آخری گرینڈ سلیم اوپن ٹورنامنٹ کے فائنل میں 33سالہ سپر اسٹار رافیل نڈال کا مقابلہ روس کے ڈینیئل میدویدیو سے تھا۔

میچ ابتدا سے ہی انتہائی سنسنی خیز رہا جہاں ایک گھنٹہ اور 3 منٹ تک جاری رہنے والے پہلے سیٹ میں رافیل نڈال نے سخت جدوجہد کے بعد ٹائی بریک پر 5-7 سے کامیابی حاصل کی۔

دوسرے سیٹ میں نڈال کو زیادہ محنت نہیں کرنی پڑی اور انہوں نے 3-6 سے کامیابی سمیٹ کر دو سیٹ کی برتری حاصل کر لی جس کے بعد ایسا محسوس ہونے لگا کہ وہ باآسانی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیں گے لیکن میدویدیو نے تمام تر اندازوں کو غلط ثابت کر دکھایا۔

روسی نوجوان نے اس کے بعد عمدہ کھیل پیش کیا اور تیسرا سیٹ ٹائی بریک پر اپنے نام کر کے میچ میں بہترین انداز میں واپسی کی لیکن شائقین کی حیرت کی اس وقت انتہا نہ رہی جب انہوں نے چوتھے سیٹ میں بھی 4-6 سے کامیابی سمیٹ کر مقابلہ 2-2 سیٹ سے برابر کردیا۔

4 گھنٹے 50منٹ تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں نڈال بالآخر اپنے تجربے کی بدولت روسی اسٹار پر غلبہ پانے میں کامیاب رہے اور اعصاب شکن مقابلے کا آخری سیٹ 4-6 سے جیت کر کیریئر کا چوتھا یو ایس اوپن ٹائٹل اور 19واں گرینڈ سلیم جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی نڈال مردوں میں سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں جہاں سب سے زیادہ 20گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کا اعزاز ان کے حریف اور عالمی شہرت یافتہ سوئس اسٹار راجر فیڈرر کے پاس ہے۔

1970 میں اوپن ایرا کے بعد نڈال یو ایس اوپن جیتنے والے دوسرے معمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں جہاں 1970 میں کین روزویل نے 35سال کی عمر میں یہ ٹائٹل جیت کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا اور تقریباً 50سال گزرنے کے بعد بھی یہ اعزاز انہی کے پاس ہے۔

2010، 2013 اور 2017 میں بھی یو ایس اوپن کا ٹائٹل جیتنے والے اسپینش اسٹار نے 19واں گرینڈ سلیم جیت کر آرتھر ایشے اسٹیڈیم میں 3.85ملین ڈالر کی انعامی رقم بھی جیت لی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024