یہ منفرد ڈوئل اسکرین اسمارٹ فون پسند کریں گے؟
رواں برس فولڈ ایبل فونز کی تیاری کی دوڑ میں تیزی آئی ہے، سام سنگ اور ہواوے کے بعد موٹرولا اور چند دیگر کمپنیاں بھی اس حوالے سے کام کررہی ہیں۔
تاہم جنوبی کورین کمپنی ایل جی نے اس کا حصہ بننے سے بچنے کے لیے ڈوئل اسکرین اسمارٹ فون جی 8 ایکس تھن کیو آئی ایف اے ٹیکنالوجی نمائش کے دوران متعارف کرادیا ہے۔
درحقیقت یہ کمپنی رواں برس کے شروع میں ایل جی وی 50 تھن کیو میں سیکنڈری اسکرین منسلک کرنے کا آپشن دیا گیا تھا جو کہ الگ سے خریدنی پڑتی ہے مگر جی 8 ایکس تھن کیو میں دوسری اسکرین فون کے ساتھ ہی منسلک ہے۔
یہ دونوں اسکرین ایک جیسے او ایل ای ڈی ڈسپلے پر مشتمل ہے، دونوں 6.4 انچ کی ہیں، یکساں ریزولوشن اور نوچ بھی موجود ہے، مگر سیکنڈری اسکرین کو الگ کیا جاسکتا ہے۔
بنیادی طور پر یہ دوسری اسکرین ایک فون کیس ہے جس میں ایک 2.1 انچ کی مونوکروم اسکرین بھی باہر کی جانب موجود ہے جو وقت اور میسج وغیرہ ڈسپلے کرتی ہے۔
تو یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ درحقیقت اس فون میں 3 اسکرینیں ہیں جو کسی اسمارٹ فون میں اپنی نوعیت کی پہلی مثال ہے۔
جی 8 گزشتہ سال کا ماڈل ہے جس میں دوسری اسکرین کے ذریعے جدت پیدا کی گی ہے جو کہ دوہرے جوڑ کی بدولت 360 ڈگری تک گھوم سکتی ہے یعنی اس اسکرین کو کسی بھی اینگل میں رکھا جاسکتا ہے۔
اس فون میں فنگرپرنٹ سنسر ڈسپلے کے اندر دیا گیا ہے اور سیکنڈ اسکرین کو کہیں بھی گھما کر ڈیوائس کو آسانی سے لاک کیا جاسکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق اگر آپ ایک اسکرین پر یوٹیوب ویڈیو دیکھ رہے ہیں یا ویڈیو کال کررہے ہیں تو دوسری اسکرین پر کوئی اور کام کرسکتے ہیں جبکہ کچھ ایپس کو دونوں اسکرینوں پر بیک وقت بھی چلایا جاسکے گا۔
جیسا اوپر ذکر کیا جاچکا ہے کہ دونوں اسکرینوں میں نوچ موجود ہے مگر سیکنڈ اسکرین میں موجود نوچ کا کوئی مقصد نہیں کیونکہ اس میں سیلفی کیمرا ہی نہیں، جبکہ اس میں کوئی اضافی بیٹری بھی نہیں، تو دونوں اسکرینیں بیٹری بہت تیزی سے ختم کرتی ہیں۔
اس میں اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر، 6 جی بی ریم، 128 جی بی اسٹوریج، 4000 ایم اے ایچ بیٹری اور مخصوص مارکیٹوں میں 5 جی سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
یہ فون واٹر پروف قرار دیا ہے جس کے بیک پر 12 اور 13 میگا پکسل کیمرے دیئے گئے ہیں جبکہ سیلفی کیمرا 32 میگا پکسل کا ہے۔
کمپنی کی جانب سے فی الحال اس کی دستیابی کی تاریخ یا قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا۔