• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

امریکی سفیر نے طالبان کے ساتھ معاہدے کا مسودہ افغان صدر کو پیش کردیا

شائع September 3, 2019
امریکی سفیر کا اس امن مذاکرات میں اہم کردار رہا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
امریکی سفیر کا اس امن مذاکرات میں اہم کردار رہا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

کابل: طالبان کے ساتھ معاہدے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے امریکی سفیر زلمے خلیل زاد نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی اور انہیں عسکریت پسند گروپ کے ساتھ مجوزہ معاہدے کا مسودہ دکھا دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق زلمے خلیل زاد دوحہ میں طالبان کے ساتھ جاری مذاکرات کے کئی دور کر چکے ہیں اور اس دوران تقریباً ایک سال کا عرصہ گزار چکے ہیں کیونکہ ان مذاکرات کا مقصد افغانستان میں جاری 18 سالہ طویل امریکی جنگ کا خاتمہ کرنا ہے۔

ممکنہ معاہدے کا مرکز امریکی فوج میں کمی، عسکریت پسندوں اور افغان حکومت کے درمیان امن مذاکرات اور جنگ بندی کے ساتھ ساتھ طالبان سے کئی ضمانتوں کے گرد گھومتا ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا کے ساتھ مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں، طالبان

واضح رہے کہ افغانستان اور عراق کے لیے سابق امریکی سفیر زلمے خلیل زاد قطری دارالحکومت دوحہ میں طالبان کے ساتھ مذاکرات کے نویں دور کے بعد گزشتہ روز کابل پہنچے تھے۔

اس حوالے سے حکام کا کہنا تھا کہ انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی اور انہیں امریکا-طالبان معاہدے کا مسودہ دکھایا۔

یہ ملاقات اس لیے اہم تھی کیونکہ افغان حکومت اب تک اس مذاکراتی دور سے بڑی حد تک دور رہی ہے، اگر کسی حتمی معاہدے کی صورت میں طالبان کو اشرف غنی سے بات کرنا ضروری ہوگا، جنہیں وہ امریکی کٹھ پتلی کے طور پر دیکھتے ہیں۔

ملاقات کے بعد افغان صدر کے ترجمان صادق صدیقی نے صحافیوں کو بتایا کہ 'امریکا اور دیگر شراکت داروں کی کوششوں کے نتائج اس وقت برآمد ہوں گے جب طالبان براہ راست افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات میں شامل ہوجاتے ہیں، ہمیں امید ہے کہ یہ کوششیں تنازعات کے خاتمے کا باعث بنیں گی'۔

تاہم جب ان سے معاہدے کی وضاحت کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے خفگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'سب سے اہم یہ ہے کہ طالبان کے تشدد کو روکا جائے، ہم پرامید ہیں کہ امریکا اور طالبان کے درمیان دستخط ہونے والا کوئی بھی معاہدے کا نتیجہ امن اور جنگ بندی کی صورت میں نکلے گا'۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا اور طالبان کے مابین امن مذاکرات شروع

دوسری جانب افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ انہیں بھی 'افغانستان میں مکمل اور پائیدار امن' کے بارے میں بریفنگ اور یقین دہانی کروائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ افغان صدر کی جانب سے طالبان کے ساتھ 'انٹرا افغان' مذاکرات میں ملاقات کے لیے 15 رکنی وفد کا تقرر کیا گیا تھا، یہ مذاکرات آنے والے ہفتوں میں ناروے میں ہوں گے۔

علاوہ ازیں اتوار کو امریکی سفیر زلمے خلیل زاد نے کہا تھا کہ امریکا اور طالبان معاہدے کی 'دہلیز' پر ہیں جو تشدد کو کم کرے گا اور یہ 'پائیدار' امن کے لیے ایک راستہ ہوگا۔

تاہم جہاں ایک جانب معاہدہ حتمی مراحل میں داخل ہوگیا ہے وہیں افغانستان بھر میں پرتشدد واقعات جاری ہیں۔

31 اگست کو طالبان نے قندوز شہر پر قبضے کے لیے شمال سے حملہ کیا جبکہ انہوں نے بغلان صوبے کے دارالحکومت پل خمری میں بھی کارروائیوں کا آغاز کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024