سری لنکا 122رنز پر ڈھیر، نیوزی لینڈ نے دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کردی

شائع August 26, 2019
سیریز 1-1 سے برابر ہونے کے بعد نیوزی لینڈ اور سری لنکا نے ٹرافی شیئر کی— فوٹو: اے ایف پی
سیریز 1-1 سے برابر ہونے کے بعد نیوزی لینڈ اور سری لنکا نے ٹرافی شیئر کی— فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ نے بلے بازوں اور باؤلرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 65رنز سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

کولمبو میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور دھننجیا ڈی سلوا کی سنچری اور دمتھ کرونارتنے کی نصف سنچری کی بدولت 244 رنز بنائے۔

مزید پڑھیں: ایشز سیریز: انگلینڈ نے ایک ہی اننگز میں کئی ریکارڈز توڑ دیے

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدھی نے 4 اور ٹرینٹ بولٹ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

بارش سے متاثرہ میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 126رنز پر 4 وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار تھی لیکن اس موقع پر ٹام لیتھم اور بی جے واٹلنگ سری لنکن باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے سنچری اسکور کی جبکہ بعدازاں کولن ڈی گرینڈ ہوم نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز 431رنز 6 وکٹ کے نقصان پر ڈکلیئر کردی اور 187رنز کی برتری حاصل کی۔

میچ کے پانچویں دن 187 رنز کے خسارے سے دوچار سری لنکن ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور پہلے ہی اوور میں لہیرو تھری مانے بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: مصباح کرکٹ کمیٹی سے مستعفی، ہیڈ کوچ کیلئے درخواست دے دی

دوسرے اوپنر کوشل پریرا بھی کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے جبکہ تجربہ اینجلو میتھیوز کی اننگز بھی 7رنز پر تمام ہوئی۔

دھننجیا ڈی سلوا بھی صرف ایک رن بنا کر اعجاز پٹیل کی وکٹ بن گئے جبکہ کوشل مینڈس آؤٹ ہوئے تو سری لنکا کی آدھی ٹیم 32رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس موقع پر دمتھ کرونا رتنے اور نروشن ڈکویلا نے کچھ دیر تک کیوی باؤلرز کے خلاف مزاحمت کی لیکن 41رنز کی شراکت کے بعد کپتان کرونارتنے کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 21رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ دو رنز کے اضافے سے ساتویں وکٹ بھی گر گئی۔

سورنگا لکمل اور 51رنز کی اننگز کھیلنے والے ڈکویلا نے 40رنز کی شراکت قائم کر کے کچھ دیر تک مزاحمت کی لیکن یہ دونوں بھی اپنی ٹیم کی شکست کو نہ ٹال سکے اور 122 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

مزید پڑھیں: باکسر عامر خان کا لائن آف کنٹرول کا دورہ کرنے کا اعلان

نیوزی لینڈ نے میچ میں اننگز اور 65رنز سے کامیابی سمیٹ کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

نیوزی لینڈ کی جانب ٹم ساؤدھی، بولٹ، اعجاز پٹیل اور ولیم سومر ویل نے دو، دو وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

ٹام لیتھم کو 154رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ بی جے واٹلنگ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025