• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

اعجاز احمد 3سال کیلئے قومی انڈر19 ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

شائع August 26, 2019
اعجاز احمد ماضی میں بھی انڈر19 اور اے ٹیم کی کوچنگ کر چکے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
اعجاز احمد ماضی میں بھی انڈر19 اور اے ٹیم کی کوچنگ کر چکے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد کو 3سال کے لیے قومی انڈر19 ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔

اعجاز احمد 2009 سے پاکستان اے اور انڈر19 ٹیم کی کوچنگ سے منسلک ہیں جبکہ پاکستان کی سینئر کرکٹ ٹیم کے بھی اسسٹنٹ کوچ رہ چکے ہیں اور اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں یہ ذمے داری سونپی گئی ہے۔

اس عہدے کے لیے اعجاز احمد کا مقابلہ سابق مایہ ناز اسپنر ثقلین مشتاق سے تھا لیکن وسیم خان اور مدثر نذر پر مشتمل پینل نے تمام امیدواروں کے انٹرویو کرنے کے بعد اعجاز احمد کا انتخاب کیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اعجاز احمد اس دوران انڈر16 ٹیم کی بھی کوچنگ کریں گے اور 5 سے 14ستمبر تک کھیلنے والے انڈر19 ایشیا کپ کے بعد اپنی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔

ان کا پہلا امتحان آئندہ ماہ قومی اے ٹیم کا دورہ کینیا ہو گا جہاں وہ 8 ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔

اعجاز احمد 60 ٹیسٹ اور 250 ون ڈے میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور انہوں نے دونوں فارمیٹس میں بالترتیب 3ہزار 315 اور 6 ہزار 564 رنز اسکور کیے۔

انہوں نے 1983 سے 2007 تک فرست کلاس کرکٹ کھیلتے ہوئے 169 میچوں میں 9ہزار 889 رنز بنائے جبکہ وہ لیول 2 کے کوالیفائیڈ کوچ ہیں۔

قومی ٹیم کے سابق کرکٹر نے یہ اہم عہدہ دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ میں یہ موقع ملنے پر بہت خوش ہوں اور پاکستان کرکٹ کو بہترین نوجوان کرکٹرز کی فراہمی اور اس کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024